وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کمیشن خوری کیلئے میٹرو منصوبہ شروع کرکے پنجاب کے دیہی علاقوں کا فنڈز ہڑپ کیا ہے، پی پی پی کو پنجاب کا دشمن قرار دینے والی مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار میں پنجاب میں سی این جی کی فراہمی مکمل بند کی، محکمہ مال کے کمپیوٹرآئزڈ نظام نے شہباز شریف کے گڈ گورننس کی قلعی کھول دی ہے ، لینڈ ریکارڈ کمیوٹرائزڈ ہونے سے 2ماہ تک انتقالات نہ ہونے سے باپردہ خواتین و سائلین خوار ہورہے ہیں

سابق وزیر مملکت و صدر پیپلز پارٹی ضلع اٹک سردار سلیم حیدر خان کی میڈیس سے گفتگو

ہفتہ 23 مئی 2015 22:38

حضرو( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) سابق وزیر مملکت و صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اٹک سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کمیشن خوری کیلئے میٹرو منصوبہ شروع کرکے پنجاب کے دیہی علاقوں کا فنڈز ہڑپ کیا ہے، ماضی میں پی پی پی کو پنجاب کا دشمن قرار دینے والی مسلم لیگ (ن) کے اپنے دور اقتدار میں پنجاب میں سی این جی کی فراہمی مکمل بند جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ 18گھنٹوں سے زائد ہے، محکمہ مال کے کمپیوٹرآئزڈ نظام نے شہباز شریف کے گڈ گورننس کی قلعی کھول دی ہے ، لینڈ ریکارڈ کمیوٹرائزڈ ہونے سے 2ماہ تک انتقالات نہ ہونے سے باپردہ خواتین و سائلین خوار ہورہے ہیں جبکہ کرپشن لینے والوں کی تعداد بھی 3گنا ہو گئی ہے، بلدیاتی انتخابات کی نوبت نہیں، عام انتخابات کے امکانات ہیں، ضلع اٹک کے اراکین اسمبلی کی کارکردگی صفر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی پی تحصیل حضرو کے صدر نصیر جدون ، رفیق جدون کے بھتیجے اور فرید جدون کے نوجوان صاحبزادے وحید جدون کی وفات پر تعزیت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صدر پی پی پی تحصیل حسن ابدال اشعر حیات خان ، صدر انجمن تاجران سلیم خان علی زئی ، معروف صحافی نثار علی خان، نائب صدر پی پی پی ضلع اٹک حاجی آصف اجمل اعوان، صدر پی وائی او ضلع اٹک زاہد میر، ملک اقبال، محمد نعیم اور معززین علاقہ بھی موجود تھے، سردارسلیم حیدر خان نے ایک سوال پر کہا کہ جوڈیشل کمیشن اور الیکشن ٹریبونل کے بعض ریمارکس اور فیصلوں کے بعد بلدیاتی نہیں عام انتخابات ہونگے تاہم NA59میں 95فیصد سیٹیں ہماری ہیں جبکہ این اے 57-58پر سخت مقابلہ ہو گا، سابق وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف حکومت چین کے ساتھ جن معائدوں کا واویلا مچا کر کریڈٹ حاصل کررہی ہے وہ دراصل صدر آصف علی زرداری کے دستخط کردہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے دور اقتدار میں ہفتہ کے اندر 2یوم سی این جی بند ہوتی تھی جبکہ 18گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی تھی مگر پی پی پی کو پنجاب کا دشمن قرار دینے والوں کے اپنے دور اقتدار میں سی این جی مکمل جبکہ بجلی 18گھنٹے بند رہتی ہے، پنجاب میں کہیں بھی ترقیاتی کام نہیں ہوئے اگر کہیں فنڈ خرچ کیا گیا تو وہ ٹی ایم اے کی حد تک کام ہوئے ہیں اور صوبہ بھر کا سارا فنڈز کمیشن خوری کیلئے میٹرو منصوبے پر خرچ کیا جارہا ہے ، سردار سلیم حیدر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خود کو خادم اعلیٰ اور نا جانے کیا کیا کہلوانے والے شہباز شریف نے لینڈ ریکارڈ کو کمیپوٹر ائزڈ کرکے مزید کرپشن اور عوام کی ذلت کا سامان پیدا کیا ہے، پہلے صرف پٹواری کرپٹ تھا اب تین تین جگہوں پر جائز کام کیلئے پیسہ خرچ کیا جاتا ہے اور کرپشن کے باوجود دو دو ماہ تک لوگوں کے کام نہیں ہوتے اور سائلین خصوصاً خواتین اور بزرگوں کو انتقال، فرد کے حصول اور دیگر معاملات میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔