دبئی:پاکستانیوں کی379 ملین ڈالرز کی جائیدادیں

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 24 مئی 2015 13:01

دبئی:پاکستانیوں کی379 ملین ڈالرز کی جائیدادیں

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24مئی۔2015ء)دبئی میں جائیدادوں کی خریداری کے حوالے سے 2015 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان تیسرا بڑا ملک رہا اور پاکستانی شہریوں نے 379 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ۔ اس سے قبل پاکستانی شہریوں 2013 اور 2014 کے دوران دبئی میں 4.3 ارب ڈالر (سولہ ارب درہم) کی جائیدادیں خریدی تھیں۔ دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اپریل 2015 میں جاری ڈیٹا کے مطابق پاکستانی شہریوں نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران جائیدادوں کی خریداری کی مد میں 379 ملین ڈالر خرچ کیے۔

جائیدادوں کے شعبے میں سرمایہ کاروں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دوسرے نمبر پر رہا اور ان کی تعداد 953 رہی جبکہ ایک ہزار سے زائد سرمایہ کاروں کے ساتھ ہندوستانی پہلے نمبر پر رہے۔

رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران دبئی میں جائیداد کے خریداری کی تلاش میں سرگرم پاکستانیوں کی تعداد 87.29 فیصد رہی جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 85.40 فیصد تھی۔

(جاری ہے)

ڈیٹا کے مطابق پاکستانیوں کی جانب سے دبئی میں پرتعیش بنگلوں، ولاز اور دفاتر وغیرہ کی خریداری میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی عرصے کے دوران صرف بارہ فیصد پاکستانیوں نے کرائے پر جگہوں کی تلاش کی جس سے یہ نتیجہ بھی نکالا جاسکتا ہے کہ اس سہ ماہی کے دوران بہت زیادہ افراد روزگار کے لیے دبئی نہیں گئے۔