دہشتگردوں کے سرپرستوں، سہولت کاروں اور حامیوں کیخلاف موثر کارروائی کے بغیر امن و امان کا مکمل قیام نظر نہیں آتا‘ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں کافی حد تک دہشتگردی پر قابو پالیا ‘آپریشن کے زخمی دہشتگرد درندے بن کر انسانیت کا خون بہا رہے ہیں‘ سانحہ صفوراں کے ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا جارہا ہے، سانحہ نشتر پارک اور دیگر سانحات کے مجرموں کو بھی بے نقاب کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے

جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے سربراہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر کا استقبالیہ سے خطاب

اتوار 24 مئی 2015 21:10

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے سربراہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے چیئرمین اور سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سرپرستوں، سہولت کاروں اور حامیوں کے خلاف موثر کارروائی کے بغیر امن و امان کا مکمل قیام نظر نہیں آتا۔ افواج پاکستان کے ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں کافی حد تک دہشت گردی پر قابو پالیا گیا مگر فوجی آپریشن کے زخمی دہشت گرد درندے بن کر انسانیت کا خون بہا رہے ہیں۔

سانحہ صفوراں کے ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا جارہا ہے، سانحہ نشتر پارک اور دیگر سانحات کے مجرموں کو بھی بے نقاب کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے ۔ وہ جے یو پی ضلع سکھر کے زیر اہتمام مقامی ہال میں دیئے گئے استقبالئے میں خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتحاد اہلبیت کی آواز کو دبانے کی سازشیں اور کوششیں ناکام ہوچکی ہے۔ جے یو پی کے علماء عہدیداروں ، کارکنوں اور خادمین کا پر عزم جذبہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی کا اندازہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے لگایا جاسکتا ہے، ایٹمی پاکستان میں توانائی کا بحران حکمرانوں کی ناکامی، نااہلی اور ناقص طرز حکومت کی واضح مثال ہے۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی، بدامنی، بے روزگاری، معاشی بدحالی اور معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے کیلئے، مادر وطن پاکستان میں نظام مصطفےٰ کا عملی نفاذ لازمی اور ضروری ہوچکا ہے۔

ہماری جدوجہد کا مقصد قیام پاکستان تکمیل ہے اس کیلئے ملک میں نظام مصطفےٰ نافذ کرنا ہوگا۔ تقریب استقبالیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جے یو پی سندھ کے صدر مولانا عبدالنبی لانگاہ نے کہا کہ اپنوں کو آنکھیں دکھانے والے غیروں کے سامنے آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ یارسول اﷲ کہنے والوں میں اختلافات پھیلانے والوں کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں، جے یو پی کے صوبائی رہنما مولانا میر محمد قریشی ہاشمی نے کہا کہ کٹھن حالات میں ثابت قدیمی ہم اپنے قائدین و اکابرین سے سیکھی۔

کسی بھی قسم کی رکاوٹوں، سازشوں، منفی پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہونگے۔ نظام مصطفےٰ کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ سنی تحریک کے مرکزی رہنما حافظ محبوب علی سہتو نے کہا کہ اسلام کے فروغ اور اہلسنت کی بقا و اتحاد کیلئے صاحبزادہ بلال سلیم قادری کی زیر قیادت جدوجہد کرتے رہیں گے۔ اہلسنت کے پروگرام میں رخنہ اندازی کرنے والے مذہب، مسلک، عقیدے اور نظرے کی اہمیت سے ناواقف ہیں۔

جامعہ فیض العلوم کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ حامد محمود فیضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری جدوجہد ذاتی و سیاسی مفادات کیلئے نہیں ملک میں نظام مصطفےٰ کے نفاذ کیلئے ہے اسی جذبے کے تحت آج کے پروگرام میں شرکت کی ہر مثبت، تعمیری، مہذب اور پرخلوص سنیوں کے ساتھ تعاون کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے رہنما حاجی محمد انور وارثی نے کہا کہ عملی اتحاد کے بغیر مقاصد کا حصول مشکل ہے۔

ہم مایوس اور ناامید نہیں پاکستان کے وارث اور امین ، اپنے بزرگوں اور اسلاف کے پاکیزہ مشن کو جاری رکھیں گے۔ جے یو پی ضلع سکھر کے رہنما ناظم الدین شیخ احدی نے کہا کہ لوگوں کو بریانی کے ڈنر کا لالچ دیکر ہمارے پروگرام میں آنے سے روکنے کی ناکام کوشش کی گئی مگر عزت و زلت کا مالک اﷲ تعالیٰ ہے۔ خالق کائنات اپنے پیارے حبیب کے صدقہ و طفیل غلامان مصطفےٰ کے پر خلوص پروگرام کو کامیاب کراکر نظام مصطفےٰ کے نفاذ کی جدوجہد کرنیوالوں کے عزم و حوصلے کو بلند فرمایا۔

مخالفین اور غیروں کے مد مقابل آنے کے بجائے غلامان مصطفےٰ کی راہ میں روڑے اٹکاکر منفی سوچ کا مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب استقبالیہ میں جماعت اہلسنت کے رہنما مولانا محمد افضل مصطفئی، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے آغا انور خان، مولانا محمد پناہ مہر، میلاد مصطفےٰ کمیٹی کے حاجی عبدالرشید اجمیری، انجمن صحرائے مدینہ کے حافظ عبدالحفیظ، سکھر پبلک رئیل الائنس سید عبدالرحمن شاہ ، شیخ محمد حسین، حاجی محمد اشرف سومرو، سکھر ایجوکیشنل نیٹ ورک فاؤنڈیشن کے فرزند علی مصطفائی، جامعہ انوار مصطفےٰ کے نور مصطفےٰ قادری، بزم السعید کے ظہیر احمد سعیدی، بزم رفیق ملت کے محمد اسلم مصطفائی کے علاوہ وکلاء، تاجرون، طلبہ، نوجوانوں، شہریوں اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میں صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے درود و سلام کے نذرانے شرکاء کے ساتھ ملکر پیش کئے بعدازاں اسلام کی سربلندی، وطن عزیز پاکستان کی بقا، سلامتی، امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی سمیت آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعائیں کی گئیں۔