برطانیہ میں پاکستانی نژاد نوجوان کو دیرینہ دشمنی پرتشدد کے ذریعے قتل کر دیا گیا ،11 افراد گرفتار

پیر 25 مئی 2015 16:02

برطانیہ میں پاکستانی نژاد نوجوان کو دیرینہ دشمنی پرتشدد کے ذریعے قتل ..

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء ) برطانیہ کے شہر برمنگھم میں 32 سالہ پاکستانی نڑاد نوجوان کو دیرینہ دشمنی پرتشدد کے ذریعے قتل کر دیا گیا، ویسٹ مڈ لینڈ پولیس نے قتل کے شبے میں 11 افراد کو گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برمنگھم کے علاقے لوزے گرین میں ایک 32سالہ نوجوان کو خاندانی دشمنی پر اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا، نوجوان کا تعلق ڈڈیال آزاد کشمیر سے بتایا جاتا ہے اور وہ چند ہفتے پہلے پاکستان سے چھٹیاں گزارنے کے بعد واپس برطانیہ پہنچا تھا۔

مقتول کو چند دن پہلے برمنگھم سے ہی اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد مقتول کے اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی، رپورٹ میں زیر حراست افراد پر اغواء کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ جس پر پولیس نے کارٹن پونڈ پر واقع ایک مکان پر چھاپہ مارا اور دوران تلاشی مقتول کی لاش کو گارڈن سے برآمد کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش دو روز سے وہاں موجود تھی اور نوجوان کو تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا، تاہم ابھی تک موت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی، لیکن ذرائع کے مطابق مقتول کی موت تشدد سے واقع ہوئی ہے۔

پولیس نے اس سلسلے میں 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن میں 3 خواتین اور 2 پندرہ سالہ بچے بھی شامل ہیں، زیر حراست افراد کا تعلق پاکستان کے صوبے خیبر پختوانخواہ سے ہے جو ایک عرصے سے برمنگھم میں آباد ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان ایک عرصہ سے دشمنی چلی آرہی ہے پولیس نے علاقے کو سیل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :