ایف ڈی اے سٹی میں صحافیوں اور جوڈیشل افسران کو پلاٹ الاٹ کرنے کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جائے گی

منگل 26 مئی 2015 12:33

فیصل آباد ۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) فیصل آباد ترقیاتی ادارہ نے ایف ڈی اے سٹی میں صحافیوں اور جوڈیشل افسران کو پلاٹ الاٹ کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھجوانے کی غرض سے اقدامات کاآغاز کردیاہے جس کے تحت ان سے متعلقہ قواعدو ضوابط کے مطابق منظوری حاصل کی جائے گی اور ڈسپوزل آف لینڈ بائی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ریگولیشنز ایکٹ 1998 کے تحت پلاٹوں کی باضابطہ فراہمی کی منظوری دے دی جائے گی۔

ایف ڈی اے کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ سکیم کے تحت فیصل آباد کے صحافیوں کو 10مرلہ کے 200پلاٹ ، جوڈیشل افسران کو ایک کنال کے 5 ، 10مرلہ کے 25 اور 5مرلہ کے 50 پلاٹ الاٹ کرنے کافیصلہ کیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایف ڈی اے کے بورڈآف گورنرز کے اجلاس میں صحافیوں اور جوڈیشل افسران کو پلاٹ دینے کافیصلہ کیاگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ صحافیوں کو رہائشی پلاٹس کی الاٹمنٹ سے ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائیگا۔

دریں اثناء آفیشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے ایسے صحافیوں نے جو پریس کلب فیصل آبادکے باضابطہ ممبر نہ ہونے کے باوجود اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں نے چیئرمین فیصل آباد ترقیاتی ادارہ شیخ اعجاز احمد ایم پی اے اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے و ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل سے مطالبہ کیاہے کہ دیگرصحافیوں کے ساتھ ساتھ آفیشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے فیصل آبادکے صحافیوں کو بھی ایف ڈی اے سٹی میں پلاٹ الاٹ کئے جائیں تاکہ وہ بھی صحافی کالونی میں اپنی ذاتی چھت کے نیچے اپنے اہلخانہ کے ساتھ قیام پذیر ہو کر مزید بہتر انداز میں سرکاری پالیسیوں کی تشہیر ، ترویج ، فروغ سمیت پیشہ وارانہ امور کی سرانجام دہی کاسلسلہ جاری رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :