صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف تاجر تنظیموں کی جانب سے یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد

جمعرات 28 مئی 2015 15:01

لاہور ۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 مئی۔2015ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف تاجر تنظیموں کی جانب سے یوم تکبیر کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد ہوا جس میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے کیک کاٹے اور 28مئی کو ایٹمی دھماکے کرنے پر وزیراعظم محمد نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ۔اس سلسلے میں انجمن تاجراں لاہور (خدمت گروپ)کے چیئرمین بابر محمود،لبرٹی مارکیٹ کے چیئرمین وقار حسین ،انارکلی بازار کے صدر اشرف بھٹی اور انجمن تاجراں اردو بازار کے صدر خالد پرویزسمیت دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے یوم تکبیر کے حوالے سے کیک کاٹے اور اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکہ کیا اور پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بن گیا ۔

(جاری ہے)

آج پاکستان کی طرف کوئی دشمن میلی نظر سے نہیں دیکھ سکتا ۔تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اپنی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے بعد اقتصادی قوت بھی بنائیں گے اور پاکستان اور چین کے درمیان 46ارب ڈالرز کے معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے ۔پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور پاکستان جلد ایشین ٹائیگر بن جائے گا ۔

تاجر رہنماؤں نے وزیراعظم،وزیراعلی پنجاب اور ایم این اے حمزہ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور جلد ہی ملک کو لوڈشیڈنگ سے بھی نجات مل جائے گی۔تاجر رہنماؤں نے حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تاجر ملکی ترقی میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ چلیں گے اور پاکستان کو دنیا کا صف اول کا ملک بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :