خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی نے ضلع کونسل کی134نشستیں جیت لیں

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 31 مئی 2015 18:32

خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی نے ضلع کونسل کی134نشستیں جیت لیں

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31مئی۔2015ء)خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق ضلع کونسل کی کل 978نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف 134سیٹیں جیت کر سب سے آگے ہے ۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک ضلع کونسل کی 462نشستوں کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے۔نتائج کے مطابق آزادہ امیدواردوسرے نمبر پر ہیں جنہوں اب تک 82 سیٹیں اپنے نام کرلی ہیں جبکہ تیسرے نمبر جمعیت علما اسلام ہے، جس نے 65نشستیں حاصل کرلی ہیں ۔

ن لیگ 54 ،جماعت اسلامی 51جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں اب تک کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ضلع کونسل پر واضح برتری حاصل ہے۔خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے بعد غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

(جاری ہے)

اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 134نشستیں حاصل کرکے آگے ہے جبکہ جمعیت علما اسلام ،جماعت اسلامی ،عوامی نیشنل پارٹی ،ن لیگ کے بھی کافی امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں ۔

تاہم پیپلز پارٹی کی وہی پوزیشن رہی جو عام انتخابات میں تھی۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں جیتنے والے امیدوار اور انکے حامی اپنی فتح کا جشن منارہے ہیں۔جبکہ ہارنے والوں کو شکایت ہے کہ انتخابات شفاف نہیں تھے صوبائی حکومت انتخابات کے انتظامات اور نتائج پر مطمئن دکھائی دے رہی ہے۔