پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی آئی سی سی کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت

پی سی بی میری جگہ اس عہدہ کیلئے پاکستان کرکٹ سے وابستہ کسی سابق عظیم کرکٹر کو نامزد کرے،نجم سیٹھی

پیر 1 جون 2015 18:13

پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی ..

لاہور ۔ یکم جون((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) ) نجم سیٹھی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں نے آئی سی سی کی صدارت کی نامزدگی سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میری جگہ اس عہدہ کیلئے پاکستانی کرکٹ سے وابستہ کسی سابق عظیم کرکٹر کو نامزد کرے تاہم نجم سیٹھی پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ اور گورننگ بورڈ کے رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

نجم سیٹھی نے ایک سال کیلئے جولائی سے مصطفی کمال کی جگہ آئی سی سی کی صدار ت کاعہدہ سنبھالنا تھا۔ آئی سی سی نے اپریل میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں کہا تھا کہ وہ نجم سیٹھی کی بطور آئی سی سی کے صدر کی تقرری کیلئے باربا ڈوس میں جون کے آخر میں ہونے والی میٹنگ میں جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

سیٹھی کو چھ ماہ قبل آئی سی سی کے صدر کے رول اور اس کی ذمہ داریوں کے بارے میں بھی بریف کردیا گیا تھا لیکن آئی سی سی کے صدر کے عہدہ پر اپنی تقرری سے ایک ماہ قبل ہی سیٹھی نے حیران کن طور پر آئی سی سی کی صدارت کیلئے نامزدگی سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ مجھے صدر نامزد کرنے پر میں آئی سی سی کے ممبرز کا شکریہ ادا کرنے کیلئے خط لکھ رہا ہوں۔ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ نجم سیٹھی نے آئی سی سی کو تحریری طور پر کہا ہے کہ میرے صدر بننے کے بعد آئی سی سی کے اگلے صدر کا عہدہ ممبر بورڈ کی طرف سے نامزد کیے گئے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کیلئے ہوگا، میں چاہتا ہوں کہ اس فیصلے پر فوری عمل ہو تاکہ پاکستان کے سابق کرکٹر کو آئی سی سی کے صدر بننے کا اعزاز حاصل ہو۔

اسلئے میں آئی سی سی کی صدارت کیلئے اپنی نامزدگی سے دست بردار ہو رہا ہوں اور پی سی بی کے گورننگ بورڈ سے درخواست کررہا ہوں کہ وہ میری جگہ پاکستان کے کسی سابق عظیم کرکٹر ز کو آئی سی سی کی صدارت کیلئے نامزد کرے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کے صدر مصطفی کمال کے عہدہ کی معیاد جون کے آخر میں ختم ہورہی تھی لیکن انہوں نے ورلڈ کپ کے فاتح کو ٹرافی دیئے جانے کے حق سے محروم کرنے پر اپنے عہدے سے استعفی دیدیا تھا۔ آئی سی سی کے قوانین میں تبدیلی کے بعد آئی سی سی کے صدر کا عہدہ نمائشی ہوگیا ہے۔