بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جلد اسرائیل کا دورہ کریں گے

فی الحال دورے کی تاریخ طے نہیں پائی ، دونوں ممالکمناسب تاریخیں دیکھنے کے بعد دورہ طے کریں گے،سشما سوراج

پیر 1 جون 2015 22:30

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جلد اسرائیل کا دورہ کریں گے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) نریندر مودی اسرائیل کا دورہ کرنے والے بھارت کے پہلے سربراہ بننے جا رہے ہیں۔پیر کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ فی الحال دورے کی تاریخ طے نہیں پائی اور دونوں ملک مناسب تاریخیں دیکھنے کے بعد دورہ طے کر لیں گے۔جب سشما سے پوچھا گیا کہ آیا مودی ایران بھی جائیں گے؟ تو وزیر خارجہ نے بتایا کہ ابھی تک ایسا کوئی دورہ طے نہیں پایا اور وہ خود ہی رواں سال نام کانفرنس میں شرکت کیلئے ایران جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ مودی رواں سال ترکی میں جی -20 کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ سشما سوراج نے مزید بتایا کہ وہ فلسطین اور اردن کے علاوہ اسرائیل جائیں گی۔یاد رہے کہ مودی نے بطور وزیر اعلی گجرات اسرائیل کا دورہ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے 1950 میں اسرائیل کو علیحدہ ریاست تسلیم کرنے کے بعد 1992 میں یروشلم کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور آج تک کسی بھارتی وزیر اعظم یا صدر نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا۔

ایرل شرون پہلے اسرائیلی وزیر اعظم تھے جنہوں نے 2003 میں بھارت کا دورہ کیا۔دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور تجارتی تعلقات کو سٹریٹیجک پارٹنر شپ میں تبدیل کرنے کا سہرا شیرون کو ہی جاتا ہے۔سشما نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سوال کے جواب میں بتایا کہ فلسطین کے حوالے سے بھارت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔سشما نے اسرائیل کو ایک دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا بھارت نے کبھی بھی فلسطینی مقصد کو مایوس نہیں کیا اور وہ آئندہ بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :