ملک میں دودھ مہنگا ہونے کی وجہ فی جانور دودھ کی کم پیداوار ہے، لائیو سٹاک ماہرین

بدھ 3 جون 2015 11:50

ملک میں دودھ مہنگا ہونے کی وجہ فی جانور دودھ کی کم پیداوار ہے، لائیو ..

اسلام آباد ۔ 03 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں دودھ کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ فی جانور حاصل ہونے والے دودھ کی کم پیداوار ہے۔ لائیو سٹاک کے شعبہ کے معروف ماہر محمد سلیمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فی ڈیری فارم جانوروں کی تعداد انتہائی کم ہے جو تین ہے جس کی وجہ سے دودھ کی پیداواری قیمت بڑھ جاتی ہے امریکاکے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں 21 ملین جانوروں سے37 ملین ٹن سالانہ دودھ حاصل کیا جاتا ہے جبکہ چین میں 15.5 ملین جانوروں سے سالانہ 40 ملین ٹن سے زائد کی پیداوار حاصل کی جاتی ہے اور اسی طرح امریکا میں صرف 9 ملین جانوروں سے سالانہ 90 ملین ٹن دودھ کی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں فی جانور دودھ کی اوسط پیداوار انتہائی کم ہونے کی وجہ سے نہ صرف دودھ کی فی لیٹر قیمت بڑھ جاتی ہے بلکہ اس سے ڈیری فارمنگ کے اخراجات ‘ جانوروں کے چارہ کے فی کس اخراجات اور ان کی صحت کے اخراجات میں بھی کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے ‘ محمد سلیمان نے کہا کہ فی ڈیری فارم جانوروں کی کم تعداد اخراجات میں اضافہ کا سبب ہے اس لئے ڈیری فارمنگ کے شعبہ کو چاہئے ڈیری فارمز میں زیادہ جانور رکھیں جو اچھی نسل سے تعلق رکھتے اور زیادہ دودھ دیتے ہوں جس سے نہ صرف ڈیری فارمنگ کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ اس سے لیبر ‘ چارے اور جانوروں کی صحت کے اخراجات میں بھی خاطر خواہ کمی ہو گی جو ڈیری فارمرز کے منافع میں اضافہ کا سبب اور ملکی معیشت کے استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔

ایف اے او کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فی گائے دودھ کی سالانہ اوسط پیداوار 1229 لیٹر جبکہ امریکا میں 9901لیٹر اور چین میں 2918 لیٹر اسی طرح بھارت میں 1349لیٹر سالانہ ہے۔ پاکستان میں فی بھینس دودھ کی اوسط سالانہ پیداور 1934لیٹر اور چین میں 5596 جبکہ بھارت میں 1799 لیٹر سالانہ حاصل کی جاتی ہے لائیو سٹاک کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ فی جانور دودھ کی اوسط پیداوار کے فروغ سے لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی میں نمایاں مدد حاصل کی جاسکتی ہے جس سے دیہی معیشت کی ترقی میں نمایاں مدد حاصل ہوگی۔