مستقبل میں دورہ پاکستان کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، ہیتھ ملز

بدھ 3 جون 2015 11:56

مستقبل میں دورہ پاکستان کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، ہیتھ ملز

کرائسٹ چرچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار3جون۔2015ء) نیوزی کرکٹ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ہیتھ ملز نے کہا ہے کہ زمبابوے کا دورہ بغیر کسی ناخوشگوارواقعے کے ختم ہوگیا مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ مستقبل میں غیر ملکی ٹیموں کیلئے پاکستان کا ٹورمحفوظ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان کے لئے آزاد سیکیورٹی مشیروں کی رائے پر انحصار کرنا چاہئے ، خود بھی آزاد سیکیورٹی مشیروں کی رہنمائی حاصل ہے اور فیکاکو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ٹور خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ زمبابوے کی جانب سے دورہ پاکستان کا فیصلہ کرنے پر حیران رہ گئے تھے ۔ سمجھتے ہیں کہ زمبابوے کے اپنے سیکیورٹی آفیشلز اور آئی سی سی کے ماہرین نے بھی پاکستان کا دورہ کرکے صورتحال کا تجزیہ کرنے کے بعد وہاں ٹیم نہ بھیجنے کا مشورہ دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پر حملے سے ثابت ہوا تھا کہ کرکٹ بھی براہ راست دہشت گرد گروپس کا ہدف بن سکتی ہے ۔

اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ ایک ٹیم کس حد تک آسان شکار ہوتی ہے ، چاہے کھلاڑیوں کیلئے معیاری سیکیورٹی انتظامات ہی کیوں نہ کئے جائیں۔ بدقسمتی سے یہ بھی جانتے ہیں کہ ہائی لیول اور صدارتی سطح کی سیکیورٹی کے باوجود لوگ حملے کی زد میں آسکتے ہیں ۔آئی سی سی کی جانب سے امپائرز کو نہ بھیجنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ایک ادارہ ہے اور وہ ٹورزکو روکنے کا خواہشمند نہیں ہے ۔

وہ انفرادی سطح پر کرکٹ بورڈز پر کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ چھوڑ دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اپنے میچ آفیشلز پر ہی کنٹرول رکھتی ہے اور یہاں بہت زیادہ خطرہ دیکھتے ہوئے انہیں نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یہ زیادہ بہتر ہوگا کہ آئی سی سی کی جانب سے مستقبل میں سیکیورٹی مسائل اور ان معاملات پر آزادانہ رائے فراہم کی جائے تاہم انہوں نے پاکستان کرکٹ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سرزمین پر چھ سال سے بین الاقوامی کرکٹ کی دوری پر انہیں مایوسی ہوئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ واقعات سے یہ بالکل واضح ہوگیا ہے کہ دہشت گردی کا خطرہ پاکستان سے ابھی ختم نہیں ہوا ۔ توقع ہے کہ پاکستانی حکومت اپنے لوگوں کے تحفظ کے لئے کام کرتی رہے گی اور یہ کرکٹ سے زیادہ اہم ہے ۔

متعلقہ عنوان :