کشمیربرصغیرکی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ‘ پاکستان اور کشمیر کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا‘ آرمی چیف

بدھ 3 جون 2015 12:26

کشمیربرصغیرکی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ‘ پاکستان اور کشمیر کو ایک ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کشمیر کو تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا‘ مسئلے کا اقوا م متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل چاہتے ہیں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے‘پاک فوج ملک کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہے اور کسی بھی قسم کے مذموم عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے- آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران ہماری قابل ذکر کامیابیوں میں شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گنجائش پیدا کر دی ہے-انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ایک کامیاب نتیجہ حاصل کرنے کی غرض سے سول ملٹری تعاون ناگزیر ہو چکا ہے-

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مستقبل کی جنگوں کی شکل تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے جبکہ ہمارے دشمن تنازعات پیدا کر کے اور دہشت گردی کی مدد کر کے ہمارے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں-انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہے اور کسی بھی قسم کے مذموم عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے-آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دوسرے ممالک کے خلاف پراکسی لڑائیوں کی مخالفت کی ہے اور وہ کسی بھی ملک کو اس کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ پاکستان کے خلاف پراکسی وار استعمال کرے-آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے پاکستان اور کشمیر کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا-انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور کشمیر کے مسئلے کا اقوا م متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل چاہتا ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے-

متعلقہ عنوان :