Live Updates

تمام سیاسی جماعتوں کو چیلنج ہے خیبر پختونخوامیں جو حلقہ کہیں کھول دوں گا، دوبارہ الیکشن کرانے کوبھی تیار ہوں،میں نے دھاندلی نہیں کی اس لئے خوفزدہ نہیں،2015ء انتخابات کا سال ہے، (ن) لیگ والے ووٹروں کا ضمیر خریدنے کی کوشش کرینگے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا چلاس میں انتخابی جلسے سے خطاب

بدھ 3 جون 2015 18:02

تمام سیاسی جماعتوں کو چیلنج ہے خیبر پختونخوامیں جو حلقہ کہیں کھول دوں ..

چلاس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، تمام سیاسی جماعتوں کو چیلنج ہے کہ جو حلقہ کہیں کھول دوں گا، کہیں گے تو دوبارہ الیکشن بھی کرانے کیلئے تیار ہوں،میں نے دھاندلی نہیں کی، اس لئے مجھے کوئی خوف نہیں،2015ء انتخابات کا سال ہے، (ن) لیگ والے چلاس والوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کریں گے، پیسے ضرور لینا مگر ووٹ بلے کو دینا، ہمارا مشن ہے کہ گورنمنٹ اسکول کے بچوں کو بھی وہی تعلیم دیں جو بیکن ہاؤس کے طالبعلموں کو ملتی ہے۔

وہ بدھ کو گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اﷲ تعالیٰ نے بہت وسائل دیئے ہیں لیکن یہاں تعلیم کے سلسلے میں حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کئے، صرف وہی قومیں ترقی کر سکتی ہیں جو تعلیم حاصل کرتی ہیں، خیبرپختونخوا میں ہم نے سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا، صرف کے پی کے حکومت نے ہی کرپشن پر قابو پایا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، تمام سیاسی جماعتوں کو چیلنج ہے کہ جو حلقہ کہیں کھولنے کیلئے تیار ہوں، کہیں گے تو دوبارہ الیکشن بھی کرانے کیلئے تیار ہوں،میں نے دھاندلی نہیں کی، اس لئے مجھے کوئی خوف نہیں،میں نے نواز شریف سے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، نواز شریف نے حلقے نہیں کھولے، جس کی وجہ سے دھرنا دیا، جوڈیشل کمیشن میں جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے،2015ء انتخابات کا سال ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ چلاس کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں، ملک میں عدل و انصاف کا نظام اور غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں، ملک میں ہر ظالم کا مقابلہ کر کے دکھاؤں گا، (ن) لیگ والے چلاس والوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کریں گے، پیسے ضرور لینا مگر ووٹ بلے کو دینا۔عمران خان نے کہا کہ آصف علی زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر دیا،کہاں ذوالفقار علی بھٹو اور کہاں آصف زرداری، ایک جمہوریت اور غریبوں کیلئے لڑنے والا تھا تو دوسرا غریبوں سے سب کچھ چھیننے والا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ گورنمنٹ اسکول کے بچوں کو بھی وہی تعلیم دیں جو بیکن ہاؤس کے طالبعلموں کو ملتی ہے، گھروں میں بیٹھے ہوئے نوجوانوں کو روزگار دینا چاہتے ہیں، میرا مشن ہے کہ ملک سے غربت کی لکیر ختم کردوں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات