زمبابوے کے کامیاب دورہ کے بعدپی سی بی کاسری لنکا اور بنگلہ دیش کو دورے کی باضابطہ دعوت

بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، زمبابوے کے بعد دیگر ٹیمیں بھی یہاں کھیلنے میں دلچسپی رکھتی ہیں،پی سی بی آفیشل

بدھ 3 جون 2015 18:57

زمبابوے کے کامیاب دورہ کے بعدپی سی بی کاسری لنکا اور بنگلہ دیش کو دورے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) زمبابوین ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سری لنکن اور بنگلہ دیش بورڈ کو بھی دورہ پاکستان کیلئے آمادہ کرنا شروع کردیا ہے۔پی سی بی آفیشل نے کہا کہ پی سی بی نے بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، زمبابوین ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد ہمیں محسوس کرتے ہیں کہ دیگر ٹیمیں بھی یہاں کھیلنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوین کرکٹ آفیشل دورہ پاکستان پر بہت خوش تھے، وہ یہاں سے پیغام لے کر گئے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہ تاثر دیگر ٹیموں کو دورہ پاکستان کیلئے آمادہ کر سکے گا۔پی سی بی آفیشل نے کہا کہ رواں سال پاکستانی ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ اگلے سال ہمیں دیگر ٹیموں کے بھی دورے کی خوشخبری ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ کرتی ہے تو اس کے بہت مثبت نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ 2009 میں وہ ہی حملے کے اصل متاثرین تھے۔

واضح رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے مہمان ٹیم کے سات کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔اس حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے اور وہ عالمی تنہائی شکار ہو گیا، اس کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے پاکستان آ نے پر رضامندی ظاہر نہ کی اور حتیٰ کہ پاکستان کو 2011 کے عالمی کپ کی میزبانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔اس دوران پاکستان نے اپنی تمام ہوم سیریز غیر ملکی سرزمین پر کھیلیں جس سے ملک میں کرکٹ کے کھیل کو شدید دھچکا پہنچا۔