مشرف کی جان کو خطر ہ،نام ای سی ایل سے نکال کر امریکہ لایا جائے،جیسی جیکسن کا باراک اوباما سے مطالبہ

نائن الیون کے بعد مشرف نے امریکہ سے بھر پور تعاون کیا،مشکل کی گھڑی میں وہ امریکی سپورٹ کے حقدار ہیں، مشرف اوران کی فیملی کو تحفظ اور ان کی امریکہ منتقلی کیلئے پاکستانی حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے،سابق امریکی سینیٹر کا امریکی صدر کو خط

بدھ 3 جون 2015 22:29

مشرف کی جان کو خطر ہ،نام ای سی ایل سے نکال کر امریکہ لایا جائے،جیسی ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) سابق امریکی شیڈو سینیٹر جیسی جیکسن نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی جان کو طالبان سے شدید خطرات لاحق ہیں،مشرف نے نائن الیون کے بعد امریکہ کا بھر پور ساتھ دیا ہے ،امریکی حکومت کو مشرف کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے۔ملکی و غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق امریکی شیڈو سینیٹر جیسی جیکسن نے امریکی صدر باراک اوباما کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف امریکہ کے قریبی ساتھی ہیں،مشرف نے نائن الیون حملے کے بعد امریکہ کا بھر پور ساتھ دیا ہے اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے امریکی کی مدد کی ہے ،سابق امریکی سینیٹر نے خط میں مزید لکھا کہ اس وقت پاکستان میں پرویز مشرف کی زندگی کو طالبان سے شدید خطرات لاحق ہیں اور ان کی طبی حالت میں نہایت خراب ہے ،انہوں نے امریکی صدر باراک اوباما سے مطالبہ کیا ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لئے پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈالے اورمشرف کو علاج کیلئے امریکہ آمد کو بھی یقینی بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی اہلخانہ کو بھی پاکستان سے نکالا جائے تا کہ طالبان کے حملوں سے ان کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پرویز مشرف امریکی سپورٹ کے حقدار ہیں اور امریکی حکومت کو فوری مدد کرنی چاہیے۔دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما راشد قرشی نے کہا کہ سابق امریکی سینیٹر جیسی جیکسن کے امریکی صدر باراک اوباما کو مشرف کے حوالے سے خط لکھنے پر پاکستانی حکومت اور عدلیہ پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیے ،پرویز مشرف پر تمام کیسز جھوٹے ،جعلی اور فراڈ ہیں یہ مقدمات صرف سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں،وزیر اعظم نواز شریف اور سابقہ عدلیہ کا پرویز مشرف کے ساتھ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رویہ نہیں ہے،راشد قریشی نے سابق سینیٹر جیسی جیکسن کی پرویز مشرف کے ساتھ حمایت اور تعاون کے حوالے سے کوششوں کوسراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :