پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے ‘ ایمبروز

جمعرات 4 جون 2015 11:56

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے ‘ ایمبروز

جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) عظیم ویسٹ انڈین باوٴلر اور باوٴلنگ کوچ کرٹلی ایمبروز نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ مستقل بنیادوں پر بحال ہو جائے گی۔ ایک انٹرویو میں کرٹلی ایمبروز نے وسیم اکرم کو دنیا کا بہترین باوٴلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ میرے سب سے پسندیدہ باوٴلر تھے اور جب کبھی بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم بنائی جائیگی تو اس میں وسیم اکرم کا نام ضرور شامل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم گیند کا جس طریقے سے استعمال کرتے تھے میں اور مجھ جیسے متعدد باوٴلر ایسا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے وہ ایک بہترین باوٴلر تھے اور میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں۔ایمبروز نے کہا کہ وسیم اور وقار یونس کی جوڑی بہت شاندار تھی جو گیند کو سیم اور سوئنگ کرنے کی مہارت رکھتے تھے اور جس ٹیم میں بھی ایسے باوٴلر ہوں وہ حریف کے لیے انتہائی خطرناک بن جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن کو انٹرویو میں وسیم اور وقار کو شعیب اختر سے بڑا باوٴلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر ان دونوں سے تیز رفتار باوٴلر تھے تاہم وسیم اور وقار ان سے انتہائی بہتر اور الگ ہی کلاس کے باوٴلر تھے۔عظیم ویسٹ انڈین باوٴلر نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں اچھے فاسٹ باوٴلر سامنے نہ آنے کا ذمے دار اسپن اور بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں میں باصلاحیت باوٴلرز موجود ہیں تاہم جب تک فاسٹ باوٴلرز کے لیے معاون وکٹیں تیار نہیں کی جائیں گی، اس وقت تک اچھے باوٴلرز سامنے نہیں آئیں گے۔

ایمبروز نے پاکستان میں ایک عرصے تک انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم کو اپنے ہوم گراوٴنڈ اور شائقین کے سامنے کھیلنے کا حق ہے اور پاکستان کا چھ سال سے زائد عرصے تک عالمی کرکٹ کی میزبانی سے محروم رہنا انتہائی مایوس کن ہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے 20.99 کی شاندار اوسط سے 98 ٹیسٹ میچوں میں 405 وکٹیں لینے والے باوٴلر نے زمبابوین ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مستقل بنیادوں پر بحال ہو جائیگی۔

متعلقہ عنوان :