سعودی وزارت داخلہ نے 2 مساجد میں بم حملوں میں ملوث 16 مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی

جمعرات 4 جون 2015 12:41

سعودی وزارت داخلہ نے 2 مساجد میں بم حملوں میں ملوث 16 مطلوب افراد کی فہرست ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے مشرقی صوبے القطیف اور شہر دمام میں 2 مساجد پر تباہ کن بم حملوں میں ملوث16 مشتبہ مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی۔ عالمی میڈیاکے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے نماز جمعہ کے دوران حالیہ دہشتگرد حملوں کے بعد16 مشتبہ افرادکی فہرست جاری کی ہے جس میں انکے مختصر تعارف کے ساتھ تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں اور ان کی گرفتاری میں معاون معلومات فراہم کرنے یا مدد دینے والوں کے لیے 2 لاکھ 70 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ وزارتِ داخلہ نے دہشت گردی کی حملے کو ناکام بنانے میں مدد دینے والے فرد کے لیے 19 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ ان مطلوب افراد میں سعید فلاح عائض ال رشید، فیصل محمد سعید الزہرانی، سویلم الہادی الرویلی، ابراہیم یوسف ابراہیم الوزان، عبدالہادی معیض عبدالہادی القحطانی، عبدالرحیم عبداللہ بن عمر المطلق، احمد سالم احمد الحلیف الغامدی، محمد عوض سعید الفہمی الزہرانی، ہشام فہد محمد الخضیر، حسن محمد الویباری الشمری، سلطان عبدالعزیز الشہری، محسن محمد محسن العتیبی، بسام منصور احمد الیحییٰ، عبدالرحمان محمد علی البکری الشہری، محمد سلیمان رحیان الصقری العنزی اور حسن فرج محمد القحطانی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تمام افراد سعودی شہری ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کو سعودی عرب کے مشرقی شہر دمام میں اہل تشیع کی مسجد العنود کے باہر ایک حملہ آور بمبار نے بارود سے بھری کار کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس سے پہلے مشرقی صوبے القطیف کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :