وزیراعلیٰ کی حوصلہ افزائی سے ہمارے حوصلے بلند ہوگئے ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور

جمعرات 4 جون 2015 13:26

وزیراعلیٰ کی حوصلہ افزائی سے ہمارے حوصلے بلند ہوگئے ہیں، ڈی جی سپورٹس ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا سپورٹس بورڈ پنجاب سمیت حکومتی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار ہم سب کی کامیابی ہے، وزیراعلیٰ کی طرف سے سرکاری اداروں کو شاباش ایک اعزاز ہے،ان کی طرف سے حوصلہ افزائی پر ہمارے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں۔

سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، جب پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند تھے اس وقت سپورٹس بورڈ پنجاب نے قطر سمیت کئی ٹیموں کو پاکستان بلایا جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوا اس کے بعد برطانیہ کے کاؤنٹی کھیلنے والے کلبوں کی ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اے ٹیم کے ساتھ میچز کھیلے جس سے انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے فضا سازگار بنانے میں بہت مدد ملی، زمبابوے کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورے بھی سپورٹس بورڈ پنجاب نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مل کر زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ کامیاب بنایا، اس کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے اپنا سکیورٹی کنٹرول روم آپریشنل کیا اور نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے ہر کونے پر نظر رکھی گئی جس نے دورہ زمبابوے کو کامیاب بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سپورٹس کو بہت اہمیت دیتے ہیں ان کے ویژن کے مطابق پنجاب یوتھ فیسٹیولز کا اہتمام کیا گیا جس سے پنجاب بھر میں کھیلوں کے میدان آباد ہوگئے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب وزیراعلیٰ شہباز شریف اور صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد کی رہنمائی میں کھیلوں کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ پر وزیر اعلیٰ نے جس طرح حوصلہ افزائی کی ہے اس سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں، انشاء اللہ بہت جلد انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کا آغاز کررہے ہیں جس میں درجنوں ممالک کے ہزاروں زائد کھلاڑی شرکت کریں گے جس سے پاکستان کا دنیا میں امیج مزید بہتر ہو جائے گا اور ہم دنیا میں سپورٹس لور کنٹری کے نام سے پہچانے جائیں گے ‘

متعلقہ عنوان :