ایم کیو ایم کے یوم سوگ کے موقع پر ٹنڈو الہ یار شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے

جمعرات 4 جون 2015 17:40

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن وسیم دہلوی کی سرکاری حراست میں بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں ہلاکت کے خلاف منائے جانے والے یوم سوگ کے موقع پر ٹنڈو الہ یار شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے ۔ اس موقع پر سڑکوں سے ٹریفک مکمل طور پر غائب رہا ۔ مقامی تاجر تنظیموں انجمن تاجران اور تاجر اتحا د سمیت مختلف کاروباری تنظیموں کی جانب سے بھی یوم سوگ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔

یوم سوگ کے موقع پر کارکنان نے اپنے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ شہید کارکن وسیم دہلوی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف زونل آفس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ۔ ریلی کے شرکاء نے وسیم دہلوی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور ایم کیوایم کے کارکنان کی ماورائے عدالت ہلاکتوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر زونل انچارج نوید قائم خانی ، جوائنٹ زونل انچارج عبدالرحمان ایڈوکیٹ اور رکن زونل کمیٹی ثاقب احمد خانزادہ نے احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران ماورائے عدالت قتل کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔علاوہ ازیں وسیم دہلوی شہید کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ قرآن خوانی کے اجتماع میں زونل انچارج نوید قائم خانی وا راکین زونل کمیٹی ، یونٹ ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ محفل کے اختتام پر شہید وسیم دہلوی کی مغفرت اور درجات کی بلندی، پاکستان کی سلامتی و بقاء، شہدائے حق کے درجات کی بلندی اور قائد تحریک الطاف حسین کی سلامتی اور درازیء عمر کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :