میٹروبس پراجیکٹس سے نرم انقلاب آ گیاہے ، پاکستان جلد ایشین ٹائیگر بنے گا ، شہبازشریف

راولپنڈی ،اسلا م آباد میٹروبس کاعظیم ا لشان قومی منصوبہ خونیں انقلاب کے راستے میں بند باندھنے والا نرم انقلاب ہے 4اکائیوں کو ملکر پاکستان کو مضبوط بنانا ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی سندھ او رخیبر پختونخوامیں میٹروبس پراجیکٹس کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش میٹروبس پراجیکٹس قائد و اقبال کے خواب کی حقیقی تعبیر ہے، پاکستان میں دنیا کا بہترین میٹروبس سسٹم بنایا گیاہے ،جس کاکوئی مقابلہ نہیں ملک کی سیاسی قیادت ،ججوں،جرنیلوں،سرمایہ کاروں اور معاشرے کے ہر فرد کو مضبوط پاکستان کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہے

جمعرات 4 جون 2015 22:57

میٹروبس پراجیکٹس سے نرم انقلاب آ گیاہے ، پاکستان جلد ایشین ٹائیگر بنے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میٹروبس پراجیکٹس قائد و اقبال کے خواب کی حقیقی تعبیر ہے۔ پاکستان میں دنیا کا بہترین میٹروبس سسٹم بنایا گیاہے ،جس کادنیا کا کوئی میٹروبس سسٹم مقابلہ نہیں کرسکتا۔میٹروبس کے جدید نظام سے محنت کش ،مزدور، بیوہ، یتیم،ملازم،وکیل اورمعاشرے کے ہر طبقے کو بہترین سفری سہولیات میسر آئی ہیں۔

جدید میٹروبس سروس وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کا عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے۔یہ قومی منصوبہ خونیں انقلاب کے راستے میں بند باندھنے والا نرم انقلاب ہے اورشاندار قومی خدمت ہے او رمیٹروبس پراجیکٹ سے نرم انقلاب آ گیاہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے 90کی دہائی میں ملک و قوم کو موٹروے کاعظیم منصوبہ دیا۔

(جاری ہے)

1998ء میں تمام تر دباوٴ اوراقتصادی پیکیج کی پیشکشوں کونظر انداز کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایاجس سے پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر بنا،اب دشمن سو بار بھی کوشش کر لے تو پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

اب میٹروبس جیسے عظیم الشان منصوبے مکمل کر کے عوام کو بہترین ،باکفایت اورمحفوظ سفری سہولتیں فراہم کیں۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کے ادھورے خواب کو پوراکرنے کا ایک بار پھر موقع فراہم کیاہے۔انشاء اللہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب پورا کریں گے اور پاکستان بہت جلد ا یشین ٹائیگر بنے گا۔

پاکستان کی تمام اکائیوں کی قیادت کو مل کرپاکستان کو عظیم بنانے کیلئے جدوجہد کرنا ہے ،اسی طرح کشکول ٹوٹے گا،ملک کا وقار بلند ہوگااورپاکستان ترقی کرے گا۔ ملک کی سیاسی قیادت ، ججوں،جرنیلوں،سرمایہ کاروں اور معاشرے کے ہر فرد کو مضبوط پاکستان کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز اسلام آباد کے کنونشن سینٹرمیں راولپنڈی ،اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیراعظم محمدنوازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ خیبرپختونخوا،بلوچستان اورپنجاب کے گورنرز ،وزرائے اعلیٰ،وفاقی وزراء،اراکین اسمبلی،غیر ملکی سفارتکار،پنجاب اوراسلام آباد کے اعلی حکام اورلوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب ایک بڑے قومی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خیبر پختونخوا ،بلوچستان ،پنجاب کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ،پاکستان بھر سے سیاسی اور مذہبی اکابرین موجود ہیں جو قومی یکجہتی کا عظیم ثبوت ہے ،جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کو راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کہنا زیادتی ہے بلکہ اس کا نام پاکستان میٹروبس منصوبہ ہونا چاہیے کیونکہ اسلام آباد میں ملک بھر سے وزراء ،سیاستدان،افسران،ملازمین ،تاجرز،سرمایہ کاراورزندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد بستے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس 23مارچ کو وزیراعظم نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور میں نے منصوبے کو 25دسمبر 2014ء کو نو ماہ کی مدت میں مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔

منصوبے کو نو ماہ میں مکمل کرنے کا وعدہ تو پورا کیا لیکن 25دسمبر کو2014ء کو اس کا افتتاح نہ ہوسکا۔آج منصوبے پر کام شروع ہوئے 14ماہ ہوچکے ہیں ۔بدقسمتی سے رکاوٹوں کے باعث 5ماہ ضائع ہوئے ،14ماہ سے اگر 5ماہ نکال دےئے جائیں تو منصوبہ9ماہ میں مکمل ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے پی سی ون کے مطابق اس پر44ارب روپے خرچ ہونے تھے جس میں5ارب سے بننے والا پشاور موڑ انٹرچینج شامل نہیں تھا لیکن ہم نے39ارب روپے میں پور ے منصوبے کو مکمل کیا اور اس منصوبے میں قوم کے 2ارب روپے بچائے ہیں۔

منصوبے پر محنت،امانت اوردیانت سے دن رات کام کر کے اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے ۔میٹروبس روٹ پر 24اسٹیشن ہے۔14 انڈرپاسز اور14پیدل چلنے والوں کے لئے فلائی اوورز بنائے گئے ہیں ۔32کلو میٹرفٹ پاتھ کے علاوہ23کلو میٹرسروس روڈ بھی بنائی گئی ہے ۔راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبہ دنیا کے بہترین منصوبوں میں سے ایک ہے ۔ منصوبے کے روٹ پر کئی کالجز،ہسپتال، یونیورسٹیاں ، فیکٹریاں اورشاپنگ مال ہیں ۔

لوگوں کو اپنی منزلوں پر پہنچنے کیلئے سفر کے تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑتا تھا ۔میٹروبس سروس نے بزرگوں، ماوٴں، بہنوں، یتیموں، محنت کشوں ، وکلاء ، مزدوروں ، افسروں،اہلکاروں اورعام آدمی کو سفر کی بہترین سہولتیں مہیا کردی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت کا ثمر عوام کو مل رہا ہے ۔پاکستان میں اشرافیہ ایسا طبقہ جسے زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں میسرہیں لیکن ملک کے کروڑوں عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں ۔

میٹروبس سروس کے منصوبے کی اس لئے مخالفت کی جاتی تھی کہ یہ غریب عوام کا منصوبہ ہے ۔میٹروبس سروس نوازشریف کے ویژن کی عکاس ہے اوراس عظیم الشان منصوبے سے گاڑیوں پر پتھر مارنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا کلچر ختم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس سروس لاہور کی میٹروبس سے بھی بہت خوبصورت بنائی گئی ہے اور یہاں بسوں کے ا ندر اور سٹیشنوں پر وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

اب لوگ اپنے سفر کے دوران وائی فائی کی سہولت سے استفادہ کر تے ہوئے اخبارات کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔ میٹروبس گرمیوں میں کروڑ وں روپے کی لینڈ کروزر کی طرح ٹھنڈی جبکہ سردیوں میں بلٹ پروف کی طرح آرام دہ ہے ۔ میٹروبس اس پاکستان کے خواب کی تعبیر ہے جو علامہ اقبالنے اپنے اشعار کے ذریعے ہمیں دکھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت وسائل ایمانداری سے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر صرف کررہی ہے ۔

ایک طرف امراء کے بچوں کے لئے گرائمر سکول جیسے اعلی تعلیمی ادارے موجود ہیں تو دوسری طرف پنجاب حکومت نے صوبے کے غریب اورپسماندہ ترین علاقوں کے بچو ں کیلئے دانش سکول جیسے تعلیمی ادارے قائم کر کے معیاری تعلیم کے دروازے کھولے ہیں -تعلیمی فنڈ کے ذریعے محروم معیشت طبقات کے ہونہار بچوں کو علمی پیاس بجھانے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں - لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں -انہوں نے کہا کہ اشرافیہ نے ہر اس منصوبے کی مخالفت کی ہے جو عام آدمی کا حق ہے -ہم وسائل عوام کی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کر کے یہ حق انہیں لوٹاتے رہیں گے-انہوں نے کہا کہ 90کی دہائی میں جب وزیراعظم نوازشریف نے موٹروے کے منصوبے کا ویژن دیا تو اس کی شدید مخالفت کی گئی -آج اسی موٹروے پر مخالفت کرنے والے دن رات سفر کرتے ہیں -انہوں نے کہاکہ لاہور اور جڑواں شہرو ں کے بعد اب ملتان میں میٹروبس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گااو راس منصوبے کو بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے- انہوں نے کہاکہ سندھ اور کے پی کے کے وزرائے اعلیٰ اگر کراچی او رپشاور میں میٹروبس منصوبہ لگائیں تو ہم انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے-تمام اکائیوں سے مل کر پاکستان بنتاہے او ر ملک اسی وقت ترقی کرے گا جب اس کی تمام اکائیاں ترقی کریں گی-ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے -انہوں نے کہاکہ راولپنڈی -اسلام آباد میٹروبس منصوبے کیلئے دوست ملک ترکی نے مفت ڈیزائن فراہم کیا ہے اور ترکی کی کمپنی البراک ہی میٹروبسیں چلا رہی ہے - انہوں نے کہاکہ چین نے پاکستان کو اربوں ڈالر کا تاریخی اقتصادی پیکیج دیاہے جو نوازشریف کی قیادت پر اظہار اعتماد ہے اور پاکستان کی 18کروڑ عوام سے والہانہ لگاؤکا واضح ثبوت ہے-انہوں نے کہا کہ 33ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں -انشاء الله سال 2018تک کافی حد تک ملک سے بجلی کے اندھیرے دور ہوں گے-انہوں نے کہاکہ چین نے تاریخی سرمایہ کاری پیکیج دے کر دوستی کا حق ادا کر دیاہے-اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس اقتصادی پیکیج سے بھرپور استفادہ کے لئے جان لڑا دیں -اگر ہم نے سستی کا مظاہرہ کیا تو الله تعالیٰ اور عوام معاف نہیں کریں گے -ہمارے لئے امتحان کی گھڑی ہے او رہمیں محنت، لگن او رجذبے سے کام کر کے سرخرو ہوناہے-انہوں نے کہاکہ اقتصادی پیکیج پر عملدرآمد سے پاکستان میں خوشحالی آئے گی ،روز گارکے مواقع پید ا ہوں گے ،ملک کا مزدور ترقی کرے گا اور پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب پورا ہوگا-انہوں نے کہاکہ راولپنڈی -اسلام آباد میٹروبس کے قومی منصوبے کی افتتاحی تقریب میں ملک بھر سے سیاسی قیادت موجود ہے او رہمیں آج پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کرناہے اور اس فرسودہ نظام کو بدلناہے-انہوں نے کہاکہ راولپنڈی -اسلام آباد کے عظیم الشان میٹروبس منصوبے کی تکمیل پر میں اسلام آباد او رپنجاب کے حکام کا شکریہ اداکرتا ہوں جن کی محنت رنگ لائی ہے-منصوبے پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں ، مزدوروں او رانجینئرز کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے منصوبے کی تکمیل کے لئے دن رات کام کیا- منصوبے کی تکمیل کے لئے ترک سرمایہ کاروں اور ترک حکومت خصوصا ً ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا بھی شکر گزار ہوں-چیئرمین عملدرآمد کمیٹی میٹروبس حنیف عباسی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر)زاہدسعید اور چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد اور ان کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں-قبل ازیں وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف اور تقریب میں موجود سیاسی قیادت نے مل کر راولپنڈی -اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا-پراجیکٹ ڈائریکٹر نے راولپنڈی اسلام آبا دمیٹروبس منصوبے کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی -چیئرمین عملدرآمد کمیٹی میٹروبس حنیف عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وزیراعظم محمد نوازشریف کے ہمراہ پاک سیکرٹریٹ سے میٹروبس میں بیٹھ کر سفر کیا اور روٹ کا جائزہ لیا-