پاکستان افغانوں کو دھوکہ دینا بند کرے ‘حامد کرزئی

ہفتہ 6 جون 2015 12:31

پاکستان افغانوں کو دھوکہ دینا بند کرے ‘حامد کرزئی

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کو ہوا دے رہا ہے ‘افغانوں کو کسی قوم کے دعوؤں پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے ‘ اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں ‘چین افغانستان میں قیامِ امن کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق صدر حامد کرزئی نے کہا کہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی افغانستان بھارت اور دیگر ملکوں میں شدت پسندی کی آگ بھڑکا کر دہشت گردی کو ہوا دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی پشت پناہی ترک کرکے افغانستان کے ساتھ مہذب تعلق استوار کرنا ہوگا اور اس کے بعد ہی انہیں افغانستان سے مثبت جواب کی امید رکھنی چاہیے۔

(جاری ہے)

اس سوال پر کہ بھارت اور پاکستان دونوں کا موقف ہے کہ وہ افغانستان میں باہم بلواسطہ جنگ نہیں لڑنا چاہتے، سابق افغان صدر نے کہاکہ افغانوں کو کسی قوم کے دعوؤں پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے اور اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ افغانوں کو کرنا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر دوسرے ممالک کی پراکسی جنگ ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

حامد کرزئی نے کہا کہ افغانوں کو کسی ملک کو یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ افغانستان میں کسی اور ملک کی سرگرمیوں پر انگلی اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ کرتا آیا ہے اور ہمیں پاکستانیوں کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ انہیں افغانستان میں بھارت کے کام اور اس کی سرگرمیوں پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔حامد کرزئی نے کہا کہ امریکی فوج کے سابق سربراہ مائیک مولن نے چند سال قبل کہا تھا کہ حقانی نیٹ ورک آئی ایس آئی کا ایک بازو ہے اور اب یہ بیان ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کو بہت دھوکا دے چکا اور اب پاکستان کی فوج اور ایجنسیوں کو دہشت گردی کو فروغ دینے کا کھیل بند کردینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چین افغانستان میں قیامِ امن کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور چینی حکومت ایک مستحکم اور پرامن افغانستان کے قیام کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔حامد کرزئی کے 10 سالہ دورِ اقتدار میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات زیادہ تر کشیدگی کا شکار رہے تھے اور وہ کھلے بندوں پاکستان کو افغانستان کے مسائل اور شدت پسندی کا ذمہ دارٹھہراتے تھے۔

متعلقہ عنوان :