بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش،حکومت نے اسٹیڈیم کے اطراف تمام مدارس بند کرا دیئے

ہفتہ 6 جون 2015 18:49

بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش،حکومت نے اسٹیڈیم کے اطراف تمام مدارس ..

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) بنگلہ دیشی حکومت نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورے کے موقع پر سیکورٹی اقدامات کرتے ہوئے دارالحکومت ڈھاکا کے کرکٹ اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود مدارس کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ کے مدرسہ روضہ الصالحین عالم کے سربراہ مولانا عبدالشکور نے کہا ہے کہ انھیں حکام نے ایک تحریری حکم نامے کے ذریعے 10 جون سے 14 جون تک ہونے والے انڈیا۔

بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ کے دوران مدرسہ بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ 'ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ حکومت نے مدرسے کو بند کرنے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہے'۔مولانا عبدالشکور کے مطابق وہ بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے مدرسہ بند کرنے کے حکم پر بہت حیران ہیں کیونکہ گذشتہ سال ہونے والے ایشیاء کپ کے دوران بھی مدرسہ بند نہیں کروایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ انہں مدرسے میں 5 روزہ تعطیلات کا اعلان کرنے کا کہا گیا ہے اور انسانی بنیادوں پر صرف 25 یتیم بچوں کو مدرسے میں رکھنے کی زبانی اجازت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ڈھاکا کے فتح اﷲ اسٹیڈیم میں 9 سال کے بعد کرکٹ کا انٹرنیشنل ایونٹ ہونے جارہا ہے، جبکہ 2006 ء میں اس میدان نے آسٹریلیا کی ایک ٹیسٹ میچ کے دوران میزبانی کی ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی چیف حسین امام کا کہنا ہے کہبھارتی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے مدرسے کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے دورے کے دوران بنگلہ دیش کے ساتھ ایک ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچز کھیلے گی۔

واضح رہے کہ مدرسے کے دو طلبہ کی گرفتاری کے بعد، جو ڈھاکا میں ایک بلاگر کے قتل میں ملوث ہیں، بنگلہ دیش کے مدارس کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے عہدیدار حسین امام کے مطابق اس سال کے آغاز میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے متنازع میچ کی وجہ سے بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔امام کا کہنا ہے کہ حکام نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران میدان میں کسی بھی قسم کیبھارت مخالف بینر لانے کی بھی پابندی عائد کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’میچ کے دوران کسی کو بھی جارحانہ الفاظ اور بے ہودہ کارٹون والے بینرز لانے کی اجازت نہیں ہوگی‘۔

متعلقہ عنوان :