سری نواسن کے وفاداروں کی شامت آگئی، بھارتی بورڈ سے چھٹی

پیر 8 جون 2015 14:32

سری نواسن کے وفاداروں کی شامت آگئی، بھارتی بورڈ سے چھٹی

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جون۔2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ میں این سری نواسن کے وفاداروں کی شامت آگئی، سابق دور میں بھرتی کیے گئے کئی آفیشلز کو برطرف کیا جاچکا ہے، بھارتی ٹیم کے لاجسٹنگ منیجر اور چیف فنانشل آفیسرکی بھی چھٹی کردی گئی ہے، ڈاکٹر آر این بابا کو بھی نظر انداز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی کی نئی انتظامیہ کی جانب سے سابق صدر این سری نواسن کے وفاداروں اور ان کی کمپنی انڈیا سیمنٹ کے ساتھ کوئی بھی تعلق رکھنے والے آفیشلزکو برطرف کرنے کا سلسلہ جاری ہے اب مزید دو آفیشلز کو برطرف کردیاگیا ہے۔

ان میں طویل عرصے سے بھارتی ٹیم کے لاجسٹک منیجر کے طور پر خدمات انجام دینے والے ایم اے ستیش بھی شامل ہیں، جنھیں سری نواسن کے دور میں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی اور وہ چیف سلیکٹر اور گریڈ بی پلیئرز سے بھی زیادہ معاوضہ حاصل کررہے تھے، انھیں سالانہ 72 لاکھ روپے دیے جارہے تھے جبکہ چیف سلیکٹر سندیپ پٹیل کو سال کے 60 لاکھ روپے ملتے ہیں۔اسی طرح چیف فنانشل آفیسر پرسنا کانان کو بھی فارغ کیا گیا ہے، وہ ماضی میں انڈیا سیمنٹ میں کام کرتے رہے ہیں۔