پاکستان کرکٹ بورڈ کی سابق کرکٹرز کی جانب سے دو نوکریوں کے فیصلے پر کاری ضرب

پیر 8 جون 2015 14:37

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سابق کرکٹرز کی جانب سے دو نوکریوں کے فیصلے پر کاری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جون۔2015ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے بورڈ میں ملازمت کرنے والے سابق کرکٹرز کے کمنٹری کرنے پر پابندی لگادی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کی جانب سے دو نوکریوں کے فیصلے پر کاری ضرب لگاتے ہوئے بورڈ میں موجود کرکٹرز کے کمنٹری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔واضح رہے کہ پچھلے دنوں بورڈ میں موجود سابق کرکٹرز ہارون رشید، اظہر خان ، محمد اکرم اور کئی کرکٹرز بورڈ کی ملازمت کے ساتھ ساتھ کمنٹری باکس میں بھی دکھائی دیے۔

(جاری ہے)

اس کام میں پہل کرنے کا اعزاز سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید کو حاصل ہے جو ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کمنٹری کرتے نظر آئے جبکہ ان کے ساتھ اظہر خان نے بھی کمینٹری کا شوق پورا کیا۔بطور باوٴلنگ کوچ ناکام رہنے کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ذمہ داریاں سنبھالنے والے سابق فاسٹ باوٴلر محمد اکرم بھی پاک۔زمبابوے سیریز میں اپنی کمنٹری باکس میں کمنٹری کرتے ہوئے سنائی دیے تاہم اب پی سی بی نے تمام ملازمین کو اس کام سے روک دیا ہے۔بورڈ کی تازہ پابندی کے بعد ان کرکٹرز کو نوکری یا کمنٹری میں سے کسی ایک شعبے کا انتخاب کرنا ہوگا۔