بھارتی وزیراعظم کے پاکستان پر دہشتگردی کی پشت پناہی کے الزام سے تشویش ہے ، متنازعہ بیان پاک بھارت تعلقات کی بحالی کیلئے نقصان دہ ہے ، پاکستان اور بھار ت کے عوام دونوں ممالک کے درمیان مابین بہتر تعلقات چاہتے ہیں

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا نریندر مودی کے بیان پر ردعمل کااظہار

پیر 8 جون 2015 19:29

بھارتی وزیراعظم کے پاکستان پر دہشتگردی کی پشت پناہی کے الزام سے تشویش ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بھارتی وزیراعظم نرنیدر مودی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر دہشتگردی کی پشت پناہی کے الزام پر نہایت مایوسی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی بحالی کے لئے نقصان دہ ہے پاکستان اور بھارت کی حکومتیں اور ایک ارب سے زیادہ عوام خطے میں امن اوردونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ایک تناظر کو تسلیم کرنا اور دوسرے کو مسترد کرنا درست نہیں۔

پیر کو مودی کے بنگلہ دیش میں 1971 کے واقعات پر تبصرے پر اپنے ردعمل کا ظاہر ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے یہ غیرضروری تبصرہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر کرنے میں معاون نہیں ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت کی حکومتیں اور دونوں ممالک کے ایک ارب سے زیادہ عوام امن اور اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

دہشتگردی علاقے کے عوام کی مشترکہ دشمن ہے اور اس سے لڑنے کے لئے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ایک ساتھ کام کرنا چاہیے۔

ایک دوسرے کو الزام دینے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ سابق صدر نے کہا کہ 1971 کے واقعات ہماری تاریخ ایک تلخ باب ہے اور اس کے بارے ہر شخص اور ہر علاقے کا اپنا تناظر ہے۔ پرانے زخموں کو کریدنے کا کوئی مقصد نہیں اور صرف ایک تناظر کو تسلیم کرنا اور دوسرے تناظر کو مسترد کرنا درست نہیں۔