مودی کے بیان کا عالمی برادری نوٹس لے ،پاکستان

منگل 9 جون 2015 12:28

مودی کے بیان کا عالمی برادری نوٹس لے ،پاکستان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء)پاکستان نے بنگلہ دیش میں بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کے منفی بیانات سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ بھارت نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا ،عالمی برادری مشرقی پاکستان میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لے۔ منگل کے روز ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کی بہتری کو پریشانی قرار دینا ان کی منفی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ بھارت نہ صرف سانحہ1971 ء میں ملوث تھا بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی کرتا رہاہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اختلافات کے بیج بونے کی کوشش کررہا ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی،دونوں ممالک دیرینہ تاریخی ،مضبوط روایات کے رشتے بندھے ہوئے ہیں جنہیں اوچھے ہتھکنڈوں سے سبوتاژ نہیں کیا جا سکتا،انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے لئے دونوں ممالک کے عوام کی مشترکہ جدوجہد شامل ہے۔

(جاری ہے)

قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے خطے میں دہشت گردی اور خوشحالی کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے،لیکن بھارتی حکمرانوں کا رویہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے ،بھارتی حکمران دوسری ریاستوں میں مداخلت کو فخر سمجھتے ہیں۔