پاک چائنا معاہدوں کے نتیجہ میں توانائی کے بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی

لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے، چوہدری عابد شیر علی

منگل 9 جون 2015 20:35

سکھر ۔09جون( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہاہے کہ پاک چائنا معاہدوں کے نتیجہ میں توانائی کے بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے گزشتہ برسوں کی نسبت اس بار موسم گرما میں کم دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ ہے جبکہ صنعتی علاقوں کو مستثنی رکھا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز واپڈا ریسٹ ہاوٴس سکھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف بھرپور طور پر آپریشن شروع کیا گیاہے اس کے نتیجہ میں لائن لاسسز اور بجلی چوری میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ میٹر ریڈنگ کے زریعہ بے ضابطگی کی روک تھام کیلئے خواتین میٹر ریڈرز کی ڈیلی ویجز کی بنیاد پر بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جنہیں ضروری تربیت دی جائیگی جس کے نتیجہ میں بجلی کی چوری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ڈیلی ویجز کی بنیاد پر باعزت طریقے سے قوم کی بیٹیوں کو بطور میٹر ریڈر ہائر کریں گے اورانہیں چوری پکڑنے کی تربیت دی جائیگی ۔وزیر مملکت نے انکشاف کیا کہ اندرون سندھ بجلی کی میٹر ریڈنگ کے کام کو کمیشن کی بنیاد پر ٹھیکہ پر چلانے والے سیپکو کے میٹر ریڈرز کے گینگ کا سراغ لگایا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ابتدائی طور پر کرپشن اور اس معاملے میں ملوث دس میٹر ریڈرز کو معطل کر کے ملازمتوں سے برطرفی کیلئے ضابطہ کی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ساتھ ہی کم کارکردگی دکھانے والے اور کرپشن میں ملوث 5ایس ڈی اوز اور ایک ایکس ای این سمیت 18 اہلکاروں کی معطلی کے احکامات بھی دیے گئے ہیں، جن کا تعلق سکھر،قمبر جیلب آبادسمیت دیگر مقامات سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے کرپشن کی گندگی کو پاک کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی کے اندراج سے گریز کی شکایات ہیں،وہ اس ضمن میں آج ہی وزیر اعلی اور آئی جی سندھ سے بات کریں گے کیونکہ اگر پولیس ساتھ نہیں دیگی اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور عملے کو تحفظ نہیں دیا گیا تواس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا کہ جہاں لاسسز ہیں وہاں بجلی بند کردی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بعض میٹر ریڈر کروڑپتی بن چکے ہیں، لینڈ کروزرز رکھی ہوئی ہیں ،اراضی خرید رکھی ہے تاہم وہ محکمہ جاتی کاروائی پر سول عدالتوں سے جا کر غلط طور پر اسٹے آرڈرز حاصل کر لیتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ میری چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اورایکشن لیں ۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر میڈیا کو کنڈے اور ٹرانسفارمرز کی تصاویر دکھائیں جنہیں کھڈے کھود کرترپال سے چھپایا گیا تھااور انکے زریعہ بجلی چوری کی جا رہی تھی۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ بے ضابطی کو پکڑنے کیلئے ہم نے موبائل فون میں ایک سوفٹ وئیر متعارف کرایا ہے جس کے نتیجہ میں میٹر ریڈرز کے ٹھیکداروں کی جانب سے بجلی میٹر کی تصویر بنا کر ریڈنگ لینے کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن پرائیوٹائزیشن کا جائیزہ لے رہا ہے تاہم ملازمتوں کو تحفظ دیا جائیگا۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ حکومت سندھ پر سیپکو کے 72 ارب روپے واجب الادا ہیں جن کی جلد ادائیگی کیلئے حکومت کو کہا ہے۔

ایک سوال وزیر ممکت عابد شیر علی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں دھاندلی شدہ انتخابات ہوئے،یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین دھاندلی والا الیکشن تھا جس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے ایک وزیرنے بیلٹ بکس اٹھا یا جسے ٹی وی نے بھی دکھایا اس کے باجود عمران خان نے اس سے استعفی تک نہیں لیا۔قبل ازیں وزیر مملکت نے سیپکو افسران کیساتھ اجلاس کیا اور کارکردگی کی بابت جائیزہ رپورٹس لیں ،جبکہ انہوں نے آئی بی اے سکھر کا بھی دورہ کیا۔