بین الصوبائی گرلز ہاکی چمپئن شپ جیت کر پنجاب نے کامیابی کی ریت برقرار رکھی ‘پوری ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا،چمپئن شپ کی تیاری کیلئے ڈی جی سپورٹس نے بھرپور تعاون کیا‘

سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کی ٹیم کی کوچ چاند پروین کی میڈیا سے گفتگو

منگل 9 جون 2015 21:55

بین الصوبائی گرلز ہاکی چمپئن شپ جیت کر پنجاب نے کامیابی کی ریت برقرار ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) بین الصوبائی انڈر16گرلزہاکی چمپئن شپ جیتنے والی سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم کی کوچ چاند پروین نے کہا ہے کہ پنجاب نے کامیابی کی ریت برقرار رکھی ہے، چمپئن شپ میں کامیابی کا سہرا ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے سر ہے جن کے تعاون سے پنجاب نے فتح کا تاج سر پر سجایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چاند پروین نے کہا کہ بین الصوبائی گرلز ہاکی چمپئن شپ کی تیاری کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بھرپور تعاون کیا اور سہولتیں بھی فراہم کیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے تربیتی کیمپ لگایا جس میں کھلاڑیوں کو رہائش اور کھانے کی سہولت بھی فراہم کی،جس کی وجہ سے کھلاڑیوں نے چمپئن شپ کیلئے اطمینان سے بھرپور تیاری کی اور حیدر آباد سے فاتح بن کر لوٹی، چمپئن شپ میں کامیابی کا سہرا ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے سر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپورٹس کے فروغ میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کو جتنا فروغ انہوں نے دیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ پوری ہاکی ٹیم تعاون پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی مشکور ہے ۔ایک سوال کے جواب میں چاند پروین نے کہا کہ چمپئن شپ کے فائنل میں ہم نے اسلام آبادکو 10-0سے ہرایا جو کہ ہماری ٹیم کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں رمشا، روما، حمرا، ارم، انمول ، اقراء نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ پوری ٹیم نے اجتماعی طور پر بہترین کھیل پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :