پنجاب بھر میں سستے رمضان بازار 15 جون سے فنکشنل ہوجائینگے، اراکین اسمبلی کو بھی ڈیوٹیاں سونپی جائیں گی

بدھ 10 جون 2015 16:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) پنجاب حکومت کی طرف سے پنجاب بھر میں سستے رمضان بازار15جون سے فنکشنل ہوجائیں گے ،5ارب روپے کے رمضان پیکج کے تحت رمضان بازاروں میں سستے آٹے، چینی سمیت مارکیٹ کمیٹی کے سٹالز پر پھلوں،سبزیوں اوردالوں پر مشتمل 13مختلف اشیاء کنٹرول قیمتوں پر دستیاب ہوں گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے تمام کمشنرز اور ڈی سی اوز کے نام جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ متوقع طور پر 19 جون سے شروع ہونے والے ماہ رمضان سے قبل سستے رمضان بازاروں کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے کر 15جون سے انہیں عوام کے لئے کھول دیا جائے ۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش ، پھلوں اور سبزیوں کی وافر مقدار میں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ معیار کے حوالے سے بھی کسی طرح کی غفلت نہ برتی جائے ۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران اپنے طور پر مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی لائیں ۔ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے اراکین اسمبلی کو بھی سستے رمضان بازاروں میں اشیاء کا معیار چیک کرنے اور عوام کی مشکلات سے آگاہی کے لئے دورے کرنے کی ڈیوٹیاں سونپی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :