کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔۔۔ آرمی چیف کا اعلان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 جون 2015 17:36

کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔۔۔ آرمی چیف کا اعلان

راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 10 جون 2015 ء) : آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کا کانفرنس ہوئی جس میں آرمی چیف نے شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا. آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ ملک میں جاری ٹارگٹڈ آپریشنز اور ضرب عضب میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فوج کے پیشہ ورانہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا.

(جاری ہے)

بھارت کے جارحانہ بیانات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ بیانات انتہائی افسوسنا ک ہیں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلے عام خلاف ورزی کی ہے، پاک فوج پاکستان کے کونے کونے کی حفاطت کرے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی.

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو محفوظ بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے اور پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے گھیرے میں آئے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم کا بھی منہ توڑ جواب دیں گے.