15جون کو صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی ڈے منایا جائے گا،تمام محکمے ایکشن پلان تیار کر لیں،محکمہ تعلیم کے حکام گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بھی کام جاری رکھیں،انسداد ڈینگی بارے جاری کردہ ایس او پی پر عمل کریں

ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن اختر حسن کا انسداد ڈینگی بارے اجلاس سے خطاب

بدھ 10 جون 2015 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن اختر حسن نے کہا ہے کہ 15جون 2015کو صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی ڈے منایا جارہا ہے اس لئے انسداد ڈینگی کاروئیوں میں حصہ لینے والے تمام محکموں کے افسران اپنا اپنا ایکشن پلان تیار کریں،انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام پر زور دیا کہ وہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران انسداد ڈینگی کاروائیاں جاری رکھیں اور شیڈول کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے صفائی ستھرائی او راس ضمن میں جاری کردہ ایس او پی پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ بات یہاں سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن رانا عبدالقیوم ،کو ارڈینیٹر میاں طارق،ٹاؤن میونسپل افسر ملک امتیاز اعوان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے-ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ شمع روڈ پر تعمیر کا کام جاری ہے اس لئے واسا سیوریج کا کام جلد مکمل کر ے تا کہ سٹرک کی تعمیر کا کام شروع کیا جا سکے-انہوں نے کہا کہ بابو صابو بند پار کے علاقے میں کھڑے پانی کی نکاسی کا فوری بندوبست کیا جائے اور اس ضمن میں 3یوم میں رپورٹ پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

اختر حسن نے اجلاس میں موجود یونین کونسلوں کے سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی یونین کونسلوں میں وزٹ کرنے والی انسداد ڈینگی ٹیموں کے دوروں کی تفصیلات پیشگی ٹاون کے دفتر میں جمع کروائیں تا کہ ان ٹیموں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا سکے-انہوں نے انسداد ڈینگی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ ٹاؤن کی حدود میں واقع تمام سٹوڈیوز کو بھی چیک کریں کیونکہ گزشتہ سیزن میں وہاں سے لاروا پایا گیا تھا۔

ٹاؤن میونسپل آفیسر ملک امتیاز اعوان نے اجلاس میں رپورٹ پیش کی کہ سمن آباد کے سٹاف نے محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ایک ہفتہ کے دوران 145کباڑخانوں،42قبرستانوں اور 112ٹائر شاپس کو چیک کیا ہے مگر کسی جگہ لاروا نہیں پایا گیا-انہوں نے مزید بتایا کہ 15569انڈور جگہوں کو چیک کیا گیا جہاں سے 5جگہوں پر لاروا پایا گیا جبکہ 3422آؤٹ ڈور جگہوں کو چیک کرنے پر ایک جگہ لاروا پایا گیا جسے تلف کر دیا گیا -ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن نے انسداد ڈینگی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ انسدادڈ ینگی بارے گھر گھر آگہی مہم کو مزید تیز کریں کیونکہ آؤٹ ڈور کی نسبت ان ڈور جگہوں میں زیادہ لاروا پایا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :