ڈی پی او کی سٹی سرکل کے ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران سے میٹنگ

بدھ 10 جون 2015 19:36

سرگودھا ۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کیپٹن (ر) سجاد حسن خان منج کی سٹی سرکل کے ایس ڈی پی او ، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران سے کرائم میٹنگ کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی جاری کردہ ہدایات کے بارے میں بریف کیا اور کہا کہ آئی جی پنجاب نے واضح حکم دیا ہے کہ آئندہ ناکہ بندی کے دوران اگر کوئی موٹر سائیکل سوار یا گاڑی روکنے پر نہ رکیں تو ان پر ہر گز فائرنگ نہ کریں حتیٰ کہ ایسے افراد جو ناکہ پر موجود ملازمان پر فائرنگ کریں تو اس صورت میں حفاظت خود اختیاری کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ ایسی کارروائی کرسکتے ہیں، لیکن پھر بھی خیال رہے کہ کسی کی جان نہ لی جائے۔

ناکہ بندی صحیح انداز میں ایس او پی کے مطابق کی جائے اور کسی بھی رضاکار کو اسلحہ نہ دیا جائے، ناکہ بندی والے مقامات پر بیریئرز نصب کئے جائیں اور ایسی رکاوٹ پیدا کی جائے کہ لامحالہ ہر گاڑی / موٹر سائیکل اس ناکہ سے چیکنگ کرواکے گزرے۔

(جاری ہے)

ناکہ بندی ڈیوٹی کے بارے میں میں نے انچارج ایلیٹ فورس کو کہا ہے کہ وہ فی الفور ناکہ بندی کرنے والے ملازمین کو شارٹ کورس کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس پنجاب کی طرف سے ہدایات کا ایک چارٹ جاری ہوا ہے اس کو ہر تھانہ کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کریں اور جب ایس ایچ او اور ایس ڈی پی او گشت پر نکلیں تو جہاں جہاں چیکنگ کریں وہاں کی نفری کو ڈیوٹی سے متعلق بریف کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسئلہ مسائل کے بارے میں بھی ان سے استفسارکریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قتل کے مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کریں اور ان کے چالان فی الفور عدالت بھجوائیں۔

ہیڈ منی والے ملزمان کی ہیڈ منی مقرر کروائیں اور اشتہاری مجرمان کی جائیداد قرقی کا تحرک کریں۔ قتل کے مقدمات کیلئے ہر ضلع میں ایک ہومی سائڈ انویسٹی گیشن یونٹ زیر تربیت ہے اور کورس مکمل کرنے کے بعد قتل کے مقدمات کی تفتیش ان کے حوالے کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا سیکورٹی پلان تیار ہورہا ہے اور ہر پولیس افسر اور ملازم خلوص اور دیانتداری کے ساتھ رمضان کی ڈیوٹی سرانجام دیں اور اقلیتی عبادتگاہوں پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں سیکیورٹی کے متعلق آگاہی کیلئے ہر ایس ایچ او اپنے علاقہ میں آگاہی مہم چلائے اور سکولوں اور بینکوں کے اوقات میں تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقہ میں متواتر گشت کرتے رہیں۔ سٹی ایریاز میں موٹر سائیکل / کار چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے پارکنگ مقامات بنائے جائیں اور پارکنگ مقامات پر ٹوکن سسٹم شروع کریں ۔علاوہ ازیں بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں/ موٹر سائیکلوں کیخلاف مہم شروع کریں،اس طریقہ سے کافی حد تک آپ کی گاڑی / موٹر سائیکلوں کی سراغ براری میں مدد ملے گی۔

ہر ایس ایچ او اپنے علاقہ میں پراپرٹی ڈیلرز / رینٹ اے کار / موٹر سائیکل کا ریکارڈ مرتب کرائیں اس سے آپ کو چوری کی وارداتیں ٹریس کرنے میں مدد ملے گی۔ ہوٹل ، سرائے، ہاسٹل پر عارضی رہائش گان آرڈیننس 2015ء کے تحت کریک ڈاؤن کریں۔ مجرمان اشتہاریوں اور منشیات فروشوں پر کریک ڈاؤن کو مزید تیز کریں ۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت نافذ العمل ہونے والے نئے قوانین جن میں اسلحہ آرڈیننس، ساؤنڈ سسٹم آرڈیننس، وال چاکنگ آرڈیننس، عارضی رہائش گان آرڈیننس ، ولنر یبل اسٹیبلشمنٹس آرڈیننس و دیگر شامل ہیں کے تحت زیادہ سے زیادہ کارروائی کریں تاکہ حکومت کی رٹ قائم ہوسکے۔

بعد ازاں انہوں نے ہر تھانہ کو فرداً فرداً کرائم وائز چیک کیا۔ سٹی سرکل میں وارداتوں کے بڑھنے اور سراغ براری معیار کے مطابق نہ کرنے پر ایس ڈی پی سٹی سرکل اور ایس ایچ اوز پر برہمی کا اظہار کیا اورناقص کارکردگی پر متعدد تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے ۔