برما کے مسلمانوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے‘صاحبزادہ حامد رضا

حکومت بھارتی وزیر اعظم کے پاکستان دشمن بیان کا مسئلہ سلامتی کو نسل میں اٹھائے

بدھ 10 جون 2015 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ12جون کو برما کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا دن منایا جائے گا۔اس سلسلہ میں ملک بھر جمعہ کے اجتماعات میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور علماء کرام برما کے مسلمانوں کی حالت زار کو موضوع خطاب بنائیں گے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ برما کے مسلمانوں پر مظالم بد ترین دہشتگر دی ہے۔برما کے مسلمانوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ برما کی حکومت پر دباؤ بڑھانے سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کر اچی میں پانی کا بحران خطرے کے سارے سرخ نشان عبور کررہا ہے۔

اہل کراچی کو پانی اور امن کب ملے گا۔ مودی نے پاکستان توڑنے کی سازشوں کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔حکومت بھارتی وزیر اعظم کے پاکستان دشمن بیان کا مسئلہ سلامتی کو نسل میں اٹھائے۔جنوبی پنجاب سے سوتیلی ماں کا سلوک کیا جارہاہے۔بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال لمحہ فکریہ ہے۔غیر ملکی ٹکڑوں پر پلنے والے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تیزکیا جائے۔

حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں کر سکی۔پاکستان میں صرف آٹھ لاکھ افراد ٹیکس دیتے ہیں جبکہ حکومتی ریکارڈ کے مطابق تیس لاکھ افراد کو ٹیکس دینا چاہیئے۔برما کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے اور وہ برما سے بے دخل ہو کر در بدر ٹھوکریں کررہے ہیں۔صاحبزادہ حامدرضا نے مطالبہ کیا کہ اردو کو سرکاری زبان کے طور پر نافذ کیاجائے۔