عوام اپنے اندر اتحاد اور یکجہتی لے آئیں تو کرپٹ حکمرانوں کا ٹھہرنا مشکل ہوجائیگا‘محمد جمیل

بدھ 10 جون 2015 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ عوام اپنے اندر اتحاد اور یکجہتی لے آئیں تو کرپٹ حکمرانوں کا ٹھہرنا مشکل ہوجائیگا، خلق خدا آج جن سنگین مشکلات سے دوچار ہے اس میں اسکا اپنا قصور بھی ہے،اگر باریاں لیکر ملک لوٹنے والوں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیا جاتا تو یقینا آج عام آدمی کی حالت اتنی بدتر نہ ہوتی اور ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پرچل نکلتا،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہاظلم ،ناانصافی اورلوٹ مار کے نظام کو بدلنے کیلئے قوم کو اپنا موٴثر کردارادا کرنا ہوگا، قوم نے اپنی سوچ اور روش تبدیل نہ کی تو 100سال میں بھی ان قومی لٹیروں سے جان نہیں چھوٹے گی،ملکی وسائل پر ہر پاکستانی کایکساں حق ہے مگر صرف25خاندان ہی قومی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،حکمران طبقے نے قوم کو بھکاری بنا دیا ہے اور عالمی مالیاتی اداروں سے قرضے لیکر ملک چلایا جارہا ہے جس سے ہرآنیوالا بچہ بھی سینکڑوں ڈالر کا مقروض ہوچکا ہے،برسراقتدار جماعتوں کی میگا کرپشن،لوٹ مار اور اقربا پروری سے معیشت کا بھرکس نکل چکا ہے اور غریب طبقات دو وقت کی روٹی سے بھی قاصر ہیں، اب بھی موقع ہے کہ عوام کرپشن،ناانصافی،ظلم اورزیادتی کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر متحدہوجائیں تاکہ میگا کرپشن میں ملوث حکمرانوں کو واپس گھر پہنچایا جاسکے۔