کوہاٹ شکر درہ میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن کے قیام سے علاقے میں کم وولٹیج کا مسئلہ مکمل طور پر ختم ہو جائیگا ،امتیاز شاہد قریشی

بدھ 10 جون 2015 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی نے بدھ کے روز پیسکو کے چیف ا عجاز انور سے پشاور میں ملاقات کی اور اُن سے ضلع کوہاٹ میں شکردرہ کے مقام پر ایک نئے گرد سٹیشن کے قیام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔پیسکو چیف نے وزیر قانون کو بتایا کہ شکر درہ میں بننے والے 132 کے وی گرڈ سٹیشن سے حلقہ پی کے 39- میں کم وولٹیج کا مسئلہ مکمل طور پر ختم ہو جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر 32 کروڑ روپے لاگت آئیگی۔

(جاری ہے)

وزیرقانون نے شکردرہ رورل 2 کے تمام دیہات جو ابھی تک بجلی کی سہولت سے محروم ہیں کو بجلی کی فراہمی کے عمل کو جلد ازجلد شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے موجودہ ٹرانسمیشن لائنز کی مرمت کا کام بھی جلد از جلد شروع کرنے کے لئے کہا۔ مذکورہ منصوبے کے تحت شکر درہ رورل 2 کے دیہات رحمان آباد ، پکہ زیڑ کوئے ،گریوان اور گر گرہ میں بجلی کی فراہمی کا کام مکمل کیا جائیگا۔یاد رہے کہ شکر درہ میں نئے گرڈ سٹیشن کے قیام سے دریائے سندھ سے واٹر سپلائی کا منصوبہ جو کم وولٹیج کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے کوعملی جامعہ پہنایا جا سکے گا۔ اس سے علاقے میں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا۔