وفاقی حکومت نے بجٹ میں غریب عوام کے ریلیف دینے کے بجائے ان سے آخری نوالہ بھی چھین لیا،ثمر علی خان

بدھ 10 جون 2015 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمرعلی خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بجٹ میں غریب عوام کے ریلیف دینے کے بجائے ان سے آخری نوالہ بھی چھین لیا ۔نا اہل حکمرانوں نے عوامی مفادات کے لئے کبھی بجٹ نہیں بنایا ، بجٹ میں عوامی امنگوں کا قتل عام کیا گیا ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے اپنے دفتر واقع ڈیفنس میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام سے ظلم و زیادتی کی انتہا کر دی ہے ہر شعبے میں حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مزدور کی تنخواہ میں ایک ہزار روپے کا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

میاں برادران 13ہزار روپے میں مہینے کے خاندان کا بجٹ بنا کر دکھائیں ۔

وفاقی حکومت نے بجٹ میں پاکستان کے معاشی حب شہر کراچی کو مکمل طور پرنظر انداز کیا ہے ۔ کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت نے K4جیسے منصوبے کے لئے کوئی رقم مختص نہیں کی ۔ کراچی شہر سے جمع ہونے والا کم و بیش 65%ریونیو پاکستان کے بجٹ میں شامل کیاجاتا ہے لیکن حکمرانوں نے کراچی شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے جس کی وجہ سے اہلیان کراچی کو شدید مایوسی ہوئی ۔ تحریک انصاف اس وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں اور سندھ حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کے دیرینہ مسائل پانی اور بہتر ٹرانسپورٹ کے لئے صوبائی بجٹ میں معقول رقم مختص کی جائے۔ تاکہ اہلیان کراچی کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :