جی بی میں شفاف الیکشن پر وزرا، فوج اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں، شیر جہان میر

ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئیے جائیں ، بجٹ میں سرکاری سکولوں کی سیکورٹی کیلئے مخصوص رقم مختص کی جائے،محکمہ تعلیم کی طرح تمام اداروں میں پرموشن کے حوالے سے فوری DPC کی جائیں تاکہ ملازمین کی ترقیوں کو یقینی بنایا جاسکے، محکمہ جنگلات، لوکل گورنمنٹ،زراعت کے ملازمین کی دیگر صوبوں کے ملازمین کے سکیل کی اپ گریڈیشن دوسرے صوبوں میں رائج سکیل کے مطابق فوری طورپراقدامات کئے جائیں، نگران وزیر اعلی کا کابینہ اجلاس سے خطاب

بدھ 10 جون 2015 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پر امن شفاف غیر جانبداراورمثالی انتخابات کے انعقاد کیلئے نگران صوبائی وزراء، افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ کے آفیسران خراج تحسین کے مستحق ہیں اور یہ دوسرے صوبوں کیلئے ایک مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار نگران وزیرا علیٰ گلگت بلتستان شیرجہان میر نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ3مہینوں سے زیادہ سرکاری آفیسران کی معطلی کی مدت بڑھانے کیلئے باقاعدہ رولز کے تحت منظوری لی جائے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی نوعیت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئیے جائیں اور آئندہ مالی بجٹ میں سرکاری سکولوں کی سیکورٹی کیلئے مخصوص رقم مختص کی جائے۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرح تمام اداروں میں پرموشن کے حوالے سے فوری DPC کی جائیں تاکہ ملازمین کی ترقیوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات، لوکل گورنمنٹ،زراعت کے ملازمین کی دیگر صوبوں کے ملازمین کے سکیل کی اپ گریڈیشن دوسرے صوبوں میں رائج سکیل کے مطابق فوری طورپراقدامات کئے جائیں ۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ سیاحت، معدنیات، پاور اور محکمہ جنگلات کی کارکردگی بڑھانے کیلئے گلگت بلتستان کونسل سے گلگت بلتستان حکومت کو منتقل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائیگا تاکہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سویٹ ہوم کا منصوبہ انتہائی اہم منصوبہ ہے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بے سہارا بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے تمام اضلاع میں سویٹ ہوم کے قیام کیلئے زمین فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

نگران وزیراعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری تعمیرات کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں مسجد کے قیام کیلئے اقدامات کئیے جائیں۔ اجلاس نگران صوبائی وزراء ،چیف سیکریٹری گلگت بلتستان طاہر حسین ، سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان ،انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان اورتمام اداروں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :