` ایگزیکٹ کی حقیقت کو عوام کے سامنے لانا چاہئے، رحمان ملک

آئندہ پیر کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ایگزیکٹ اور بول ٹی وی کے حوالے سے تمام متعلقہ فریقین کو بلایا جائے گا،بھارت کا مائنڈ سیٹ پاکستان مخالف ہے،میڈیا سے گفتگو اسلام آباد کیپیٹل لوکل باڈیز بل بارے آئندہ پیر کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا ، بیرسٹر سیف`

بدھ 10 جون 2015 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) چےئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ ایگزیکٹ کی حقیقت کو عوام کے سامنے لانا چاہئے،آئندہ پیر کو قائمہ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں ایگزیکٹ اور بول ٹی وی کے حوالے سے تمام متعلقہ فریقین کو بلایا جائے گا،بھارت کا مائنڈ سیٹ پاکستان مخالف ہے۔بدھ کو ایم کیو ایم کے سینیٹر بیرسٹر سیف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ پیر کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوگا جس میں وزارت داخلہ اور ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے جس میں متعلقہ اداروں کے نمائندے قائمہ کمیٹی کو ایگزیکٹ اور بول ٹی وی کے لائسنس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

رحمان ملک نے کہا کہ بھارت سب سے بڑا دہشتگرد ہے جس نے بنگلہ دیش میں مکتی بھانی کے ساتھ ملکر وہاں پر قتل عام کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کا مائنڈ سیٹ اینٹی پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کو بنگلہ دیش میں قتل عام کرنے اور پاکستان کو تقسیم کرنے کے حوالے سے اس کو اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف میں لے جائے،اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سے درخواست کروں گا کہ وہ حود اس مسئلے کو عالمی عدالت انصاف میں لے کر جائے۔

رحمان ملک نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں بی ایل اے اور طالبان کو سپورٹ کر رہا ہے جس طرح اس نے بنگلہ دیش میں مکتی بھانی کو سپورٹ کیا تھا۔ایم کیو ایم کے سینیٹر بیرسٹر سیف نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل لوکل باڈیز بل کے حوالے سے آئندہ پیر کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں اسلام آباد کے متعلقہ اداروں سے تمام فریقین کو بلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں تمام فریقین اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے

متعلقہ عنوان :