`مدارس کے طلباء نے ملکی وبین الاقوامی سطح پر قرأت ا ور حفظ کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے صوبے کا نام روشن کردیاہے،محمد خان لہڑی

بچوں کو مواقع ملے تو انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ،صوبائی مشیر مذہبی اموربلوچستان`

بدھ 10 جون 2015 22:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء)مشیر برائے مذہبی امور وبین العقائد ہم آہنگی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مدارس کے طلباء نے ملکی وبین الاقوامی سطح پر قرأت ا ور حفظ کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے صوبے کا نام روشن کردیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسن قرأت کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے بچوں کو جو مواقع ملے ہیں انہوں نے اپنے صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ملک اور صوبے کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا ہے۔ سیکریٹری مذہبی امور عبدالمنان آغا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال صوبے میں قرأت کے مقابلے منعقد کرائے جاتے ہیں اور پوزیشن لینے والے بچوں کو ملکی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بھیجا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ایسے حفاظ کرام صوبے میں موجود ہیں جو صوبے کا نام ملکی سطح پر روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بچے آئندہ بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں اور ان کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔ تقریب کے آخر میں قاری عبدالرشید نے ملکی سالمیت اور یکجہتی کے لئے دعا کی۔ `