شہبازشریف علم دوست وزیراعلیٰ ، تمام اکائیوں کے پوزیشن ہولڈرز کو اکٹھا کر کے متحد ہونے کا احساس دلا یا ہے

سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور پنجاب کے پوزیشن ہولڈرز کا وزیراعلیٰ کے اقدامات کو خراج تحسین

بدھ 10 جون 2015 22:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور پنجاب کے پوزیشن ہولڈرز نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے فروغ تعلیم کے لئے اقدامات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں انعقاد میں شاندار تقریب کا انعقاد پنجاب کے وزیراعلیٰ کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے - وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہمارے لئے تقریب منعقد کر کے ہمارے حوصلے بڑھائے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں-آزاد کشمیر کے پوزیشن ہولڈر خورشید حسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی قوم کو اہل علم اور تعلیم سے محبت رکھنے والے کی خدمات حاصل نہ ہوں تو وہ قوم برباد ہو جاتی ہے-ہماری قوم خوش قسمت ہے کہ اسے شہبازشریف جیسا علم دوست رہنما ملاہے- پاکستان بالخصوص پنجاب میں جس طرح تعلیم کی سرپرستی کی جا رہی ہے اس سے پاکستان میں علم کا نیا سورج طلوع ہوگا- انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے تمام صوبوں کے پوزیشن ہولڈرز کو ایک جگہ اکٹھا کر کے ہمیں ایک متحدقوم کا احساس دلایاہے جو پاکستان اور عالم اسلام کے لئے نیک شگون ہے -وادی مہران سندھ کی پوزیشن ہولڈر فاریہ تبسم نے کہاکہ آج ایوان اقبال لاہور میں ہر خطے کے لوگ جمع ہیں اور تعلیم کے لئے جذبہ رکھنے والے لوگ بھی یہاں موجود ہیں-میں نے شہبازشریف سے سنا ہے کہ آگے بڑھنے کے لئے وسائل نہیں بلکہ محنت ،جوش اور جنون کی ضرورت ہوتی ہے -پنجاب کے وزیراعلیٰ نے صوبے میں دانش سکولز قائم کر کے تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے- خیبر پختونخوا کے پوزیشن ہولڈر شہاب خان نے کہاکہ تقریب کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب فروغ تعلیم میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ،بلوچستان کے پوزیشن ہولڈر جاوید خان نے کہا کہ ایوان اقبال لاہور میں تمام صوبوں کے طلبا وطالبات کا جمع ہونا قومی اتحاد کی علامت ہے-ہم تقریب کے انعقاد اور ہمارے حوصلے بڑھانے پر شہبازشریف کے مشکور ہیں- گلگت بلتستان کی پوزیشن ہولڈر صدف آفرین نے کہاکہ پنجاب حکومت اور شہبازشریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے لئے اتنی شاندار تقریب کاانعقاد کیاہے-تقریب میں شرکت کرکے ہمارے حوصلے بڑھے ہیں-فیڈرل بورڈ کی پوزیشن ہولڈر ماریہ امین نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف جیسے علم دوست رہنما کی موجود میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے-دانش سکول چشتیاں کے پوزیشن ہولڈر محمد انور نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کا اعزاز ملاہے جس پر مجھے بے حد خوشی ہے -انہوں نے کہاکہ دانش سکول میرا خواب ، میرا گھر اور سب کچھ ہے۔