عوام کو ترقیاتی منصوبوں کی افادیت سے آگاہ کرنے کیلئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اہم کردار ادا کررہاہے ، زعیم قادری

افسران حکومتی کارکردگی کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں - سیکرٹری مومن آغا

بدھ 10 جون 2015 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کودور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اپ گریڈیشن کا عمل شروع کردیا گیاہے- ڈویژن اورضلع کی سطح پر آئی ٹی کی جدید ترین سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجارہاہے - ان خیالات کااظہار ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے محکمہ تعلقات عامہ (ڈی جی پی آر)ہیڈ آفس میں ایک تقریب کے دوران کیا -انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلقات عامہ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت تھی او ر اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے محکمہ تعلقات عامہ کو جدید ترین آلات فراہم کئے جارہے ہیں - انہو ں نے کہاکہ عوام میں ابلاغی شعور کی بیداری کیلئے محکمہ تعلقات عامہ کا کردار ناقابل فراموش ہے -عوام کو حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی افادیت سے آگاہ کرنے کے لئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ انتہائی اہم اور ناگزیر کردار ادا کررہاہے - زعیم قادری نے کہاکہ محکمہ تعلقات عامہ نے سرکاری اداروں ، عوام اور میڈیا کے درمیان پل کا کردار ادا کیاہے -محکمہ تعلقات عامہ صوبہ بھر کے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کررہاہے جبکہ میڈیا کو سہولتوں کی فراہمی کا فرض بھی بخوبی نبھا رہا ہے -وزیراعلی محمد شہبازشریف نے محکمہ تعلقات عامہ کودور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی منظوری دی - صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت مومن علی آغا نے ڈویژنل ڈائریکٹرز پبلک ریلیشنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب نے محکمہ اطلاعات کی استعداد کار میں اضافے اور بہتری کے لئے جدید آلات فراہم کئے ہیں - اب افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں - ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اطہر علی خان اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عارف چوہدری نے محکمہ تعلقا ت عامہ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بریفنگ دی ۔