میڈیا برما مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے لائے، چھچھ محافظ کمیٹی

جمعرات 11 جون 2015 12:39

حضرو( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) برما میں انسانیت سوز مظالم و قتل عام کے خلاف اور برما مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے چھچھ محافط کمیٹی کے زیر اہتمام بہت بڑی ریلی کا انعقاد، چھچھ بھر سے مذہبی، سیاسی، سماجی، صحافتی تنظیموں ، تاجر برادری، سول سوسائٹی سمیت سینکڑوں کی تعداد میں عوام کی شرکت، برما سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ، میڈیا برما مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے لائے، وزیر اعظم پاکستان سے برما کے مسلمانوں پر مظالم اور قتال پر واشگاف الفاظ میں مذمت،برما کے نہتے مسلمانوں کی حمایت کرنے اور برما میں فوج بھیجنے کا مطالبہ، بینرز اور پلے کارڈز میں برما مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور ہندووٴں کے مظالم کے خلاف الفاظ درج، شرکاء کا سخت غم و غصے کا اظہار، امریکہ، انڈیا، اقوام متحدہ اور ظالم حکمرانوں کے خلاف نعرے بازی، برما میں مسلمانوں کا سر عام قتال‘ انسانیت کے نام نہاد علمبرداروں کے منہ پر زوردارطمانچہ ہے ،مسلمانوں کے قتل وغار ت پر اقوام متحدہ کی خاموشی معنی خیز ہے، تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر امت مسلمہ پر مظالم ڈھانے والوں کا مقابلہ کرنا ہوگا،مشکل کی اس گھڑی میں برما کے مظلوم مسلمانوں کا بھرپور ساتھ دینا چائیے، ریلی سے علماء کرام، سیاسی زعماء، چھچھ محافظ کمیٹی کے عہدیداران کا خطاب، تفصیلات کے مطابق چھچھ محافط کمیٹی کے زیر اہتمام برما مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بہت بڑی ریلی فوارہ چوک سے نکالی گئی

جس کی قیادت تحصیل حضرو کے جید علماء کرا م مولانا محمود الحسن توحیدی، مولانا فضل وہاب،صاحبزادہ انیس احمد غفوری، مولانا قمر اسلام، مولانا سعیدالرحمن رحمانی، سیاسی جماعتوں کے قائدین، چھچھ محافظ کمیٹی کے سر پرست اعلیٰ محمد خالد خان، چیئرمین عمران خان، وائس چیئرمین نزاکت خان، کنوینئر حاجی عارف حسین، جنرل سیکرٹری حافظ ہارون الرشید ، سینئر صحافی نثار علی خان، حاجی احسان خان، ڈاکٹر خالد محمود بھٹی ، مولانا مسعود اختر ضیاء ، حاجی آصف اجمل اعوان، نصیر جدون، رئیس دار، حاجی شیرازسمیت دیگر شخصیات نے کی، اس موقع پر مختلف قراردادوں میں وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا گیا کہ برما کے مسلمانوں ، معصوم بچوں اور خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم روکنے کیلئے ترک صدر کی طرح اپنی افواج برما میں بھیج کر کردار ادا کریں اور برما کے مسلمانوں پر مظالم اور قتال پر واشگاف الفاظ میں مذمت اور برما کے نہتے مسلمانوں کی کھل کر حمایت کا اعلان کرانے کیلئے دیگر مسلم ممالک سے بھی رابطے کریں ، مقررین نے کہا کہ بر ما میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اسلام دشمن قوتوں نے بر ما میں ظلم وبربریت کی انتہا کر دی ہے ‘ شرکائے ریلی اور مقررین نے بر ما میں مسلمانوں کی نسل کشی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے ترکی کے صدر طیب اردگان کی جرات وبہادری پر انہیں سلام پیش کیا اور کہا کہ کسی واحد مسلم ملک نے بر ما کے مسلمانوں کے لیے صرف آواز نہیں اٹھائی بلکہ اپنی آرمی بھیج کر تاریخ میں اپنے آپکوہمیشہ کے لیے امربھی کر لیا ہے اس حوالہ سے وزیر اعظم نواز شریف کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، چھچھ محافظ کمیٹی کے سرپرست خالد خان، چیئرمین عمران خان اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ ریلی کا مقصد برما کے مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہندووٴں کے مظالم اور قتال کے خلاف آواز بلند کرکے حکومت پاکستان کو اس حوالہ سے کردار ادا کرنے کیلئے فرائض سے آگاہ کرنا ہے، انہوں نے چھچھ بھر سے تمام دینی، سیاسی، سماجی تنظیموں ، علماء کرام، طلباء، صحافی، سول سوسائٹی کاریلی میں شر یک ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :