حکومت نابینا افراد کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے اُن کے ساتھ ناروا سلوک مناسب نہیں‘ سعدیہ سہیل رانا

جمعرات 11 جون 2015 13:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ حکمران سفید چھری والوں کو اُن کے حقوق دینے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے نابینا افراد کو بار بار سڑکوں پر دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نابینا افراد کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے اُن کے ساتھ ناروا سلوک مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت معذور افراد کا سرکاری اداروں میں کوٹہ کو وضع کرے اور اُن کو ملازمت کے حصول کے لئے طریقہ کار کی اشاعت کرے تاکہ معذور افراد کو ملازمت کے حصول کے لئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے مزیدکہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن اشرافیہ کو تحفظ فراہم کرنے اقتدار میں آئی ہے غریب آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکمرانوں کو من مانیاں نہیں کرنے دے گی اور ہر فورم پر عام آدمی کی آواز بلند کرے گی۔