کشمیر کی مکمل آزادی تک تمام جماعتیں اقتدار کی رسہ کشی سے باہر نکل آئیں،سرا ج الحق

جمعرات 11 جون 2015 13:30

کوٹلی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء)جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر کی مکمل آزادی تک تمام جماعتیں اقتدار کی رسہ کشی سے باہر نکل آئیں،کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک لڑیں گے،نریندر مودی مستند دہشت گرد ہے وہ اللہ کے شیروں اور شاہینوں سے ٹکرائے گا تو پاش پاش ہو جائے گا،نریندر مودی نے بنگلہ دیش میں جا کر پاکستان کو دولخت کرنے کے جرم کا اعتراف کیا حکومت اس کے خلاف بین الاقوامی کریمنل کوٹ میں مقدمہ درج کرے،عوام سری نگر کو آزاد کروانے کی آرزو رکھتے ہیں مگرسیاست دانوں کی نظریں مظفرآباد کی کرسی پر ہیں،سید علی گیلانی نے نیلسن مینڈلہ سے زیادہ پاکستان کے لیے جیل کاٹی ہے اور وہ آج بھی جوانوں کی طرح جذبہ جہاد سے سر شار ہیں ،کشمیر کے حکمران اسی جذبے سے ان کے ساتھ کھڑے ہوں ،اہل کشمیر کو منگلاڈیم کی رائیلٹی فراہم کی جائے یہ ان کا حق ہے اور انہیں لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قراردیا جائے،وفاقی بجٹ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی ضروریات کے مطابق کم رکھا گیا،اقتدار میں آکر صحت اور تعلیم مفت فراہم کریں گے،30ہزار سے کم آمدنی والے افراد کو 5بنیادی اشیاء پر سبسڈی دیں گے،جس سکول میں ریاست کے اندر ایسا نصاب تعلیم دوں گا جہاں صدر کا بیٹا پڑھے گا اسی سکول میں شہر کے چوکیدار کا بیٹا بھی پڑھے گا صدر ،وزیر اعظم،وزراء اور مشیران سمیت دیگر مراعات یافتہ طبقات کا مفت علاج ہو سکتا ہے تو غریب کو کیوں نہیں ہو سکتا،کوٹلی میں مساجد بنانے والے پیر صاحب سے ملاقات کے لیے دوبارہ کوٹلی آؤ گا،اہل کوٹلی نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے کوٹلی میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی،نائب امیر جماعت اسلامی محمود الحسن چودھری،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ارشد ندیم ایڈووکیٹ،تحریک حریت کے کنونیئر غلام محمد صفی،تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب،ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نثار احمد شائق،ڈپٹی سپریم کمانڈر حزب المجاہدین شمشیر خان،امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چودھری،سابق امیر ضلع حبیب الرحمان آفاقی ایڈووکیٹ،زاہد الحسن،چوہدری بوستان،چوہدری غفارت شاہد،راجہ محفوظ،سردار نزاکت علی خان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،سٹیج پر سابق سینئر وزیر ملک محمد نواز،جماعت اسلامی سعودی عرب کے امیر چوہدری محمد رفیق سمیت دیگر قائدین موجود تھے ،جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ نریندر مودی کا بیان حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ،بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے والے حکمران اب قوم کے کٹہرے میں ہیں۔

(جاری ہے)

مودی کاپاکستان کو توڑنے کیلئے فوج کے استعمال کا اعتراف کھلی دہشت گردی ہے ،دنیا کی امن پسند قوموں کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہئے تھا ،پاکستان کی سا لمیت کے خلاف بھارتی عزائم کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں مگر کچھ لوگ اب بھی بھارتی اژدھے کو رسی قرار دیکر قوم کو فریب میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں ۔ مودی کے بیان پر حکمرانوں کا معذرت خواہانہ رویہ قوم کے زخموں پر نمک پاشی ہے ۔

مودی نے اعتراف جرم کیاہے جس کے خلاف پاکستانی حکمرانوں کو عالمی ادارہ انصاف سے رجوع کرناچاہیے تھا۔ بھارت سے پیار اور بیوپار کی نہیں شیر کی دھاڑمیں بات کرنی چاہئے ۔بھارتی وزیر اعظم کو یاد رکھنا چاہئے کہ اگر اس نے کسی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادے گی ، ،سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہر کشمیری اور پاکستانی کی نظریں سر ی نگر کی آزادی پر لگی ہوئی ہیں ۔

وہ وقت بہت جلد آنے والا ہے جب پاکستان خلافت کا مرکز بنے گا۔ کشمیر کے حوالے سے جنرل راحیل شریف کے جرأت مندانہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ جنرل راحیل شریف نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں کو بھی جرأت کامظاہرہ کرتے ہوئے کھڑا ہوناچاہیے اور بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنی چاہیے ۔

ہم سید علی گیلانی کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی تکمیل کے لیے وقف کر دی ۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جو پاکستان کا پرچم اٹھا کر آزادی کے نعرے لگاتے ہیں وہ ہمارے محسن ہیں وہ وقت جلد آئے گا جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر جدوجہد کا حق ادا کردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرکی آزادی کے لیے لڑنا دہشتگردی نہیں ۔پاکستانی قوم کو کشمیرکی آزادی کو اپنا نصب العین بناناچاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیرکی آزادی کے لیے ہمیں ایک ہزار سال بھی لڑنا پڑا تو لڑیں گے ۔ مودی کو پاکستان سے جنگ کی بجائے اپنے بھوکے عوام کو دو وقت کی روٹی دینے کی فکر کرنی چاہیے۔ سراج الحق نے کہاکہ دشمن کو دوست کہنے والے خود فریبی میں مبتلا ہیں انہیں قوم کو دھوکے میں نہیں رکھناچاہیے ۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر بھارت سے دوستی کی بات کرنے والے تحریک پاکستان اور نظریہ پاکستان سے غداری کر رہے ہیں ایسے لوگوں کو دہلی یا بمبئی چلے جاناچاہیے پاکستان میں ان کے لیے کوئی جگہ نہیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہم قائد پاکستان سر اج الحق اور جماعت اسلامی پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کی اور آزمائش کی مرحلے میں ہمارے شانہ بشانہ رہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر نہ خوشخال پاکستان بن سکتا ہے اور نہ پاکستان مکمل ہو سکتا ہے ،جماعت اسلامی پاکستان نے مینار پاکستان کے سائے تلے پوری پاکستانی قوم اور ساری دنیا کی اسلامی تحریکوں کے قائدین کو جمع کر کے کشمیر پر ایک متفقہ قرارداد پاس کروا کر کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی کی اور عالمی تحریکوں کو کشمیریوں کی پشت پر لایا ،انہوں نے کہاکہ سر اج الحق کے جرت مندانہ موقف سے کشمیریوں کو حوصلے کا پیغام ملا ہے جو پاکستانی پر چم لیے 8لاکھ بھارتی فوج کی سنگینوں کے سائے تلے پاکستان سے یکجہتی کررہے ہیں سید صلاح الدین پوری قوم کے ہیرو اور آزادی کی علامت ہیں،نریندر مودی کشمیریوں کو آزادی کی منزل سے دور کرنے میں ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کے لیے صلاح الدین کو عالمی سطح پر دہشت گرد قرار دینے کی بات کررہا ہے کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جائز جدوجہد کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ اہل کوٹلی نے 1947ء میں اس خطے کو آزاد کروایا اور بقیہ کشمیر کی آزادی کا مشن ابھی تشنہ ہے،نائیک سیف علی،کرنل محمود،کرنل ہدایت ،راجہ سخی دلیر جیسے مجاہدین اور شہداء نے یہ خطہ آزاد کرویا اور ان کے ورثا اس مشن کو آگے بڑھائیں گے حکومت پاکستان تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی کی منزل سے ہمکنا رکرنے کے لیے واضح حکمت عملی تشکیل دے انہوں نے کہاکہ آزاد خطہ جو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ تھا وہ اپنا کردا ر ادا کرنے میں ناکام رہا ہے،ظلم نا انصافی کرپشن کا دور دورہ ہے میرٹ کی پامالی سکیم خوری فیشن بن چکا ہے غریب کے لیے نوکریوں کے دروازے بند ہیں انصاف ملنا مشکل ہے تھانے اور کچہریاں جو امن کے گہوارے ہونے چاہیے تھے وہ خوف کا نشان بنے ہوئے ہیں ان حالات میں جماعت اسلامی تبدیلی کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے ہم کشمیر بھی آزاد کروائیں گے اور آزاد خطے کے مسائل بھی ختم کریں گے عوام ہمارا ساتھ دے،اس موقع پر حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے سراج الحق سے رابطہ کیا ہے اس حوالے سے وہ خود بات کریں گے مگر میں 24جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے آپ کو یہ کہتا ہوں کہ کشمیری آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ،بھارت کے وزیر خارجہ نے لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کروا کر پاکستان اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنا چاہتا ہے ہم یہ کہتے ہیں کہ کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہر اکر ریفرنڈم کر دیاہے ،بھارت 8لاکھ فوج کے ذریعے کشمیر پر قابض ہے جب کہ پاکستان کشمیریوں کے دلوں میں ہے ،انہوں نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں عوام کو یہ فیصلہ کرنے کا یہ اختیار دیا جا سکتا ہے تو کشمیریوں کو کیوں نہیں دیا جا سکتا،اس موقع پر محمد غالب نے کہا کہ قائدجمہوریت سینیٹر سر اج الحق اور آپ کو سید علی گیلانی کا پیغام پہنچانے آیا ہوں کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کرنا صرف جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے آزاد خطے کے نوجوان اس میں اپنا کردار ادا کریں،دشمن کو دوست بنانا ہمارے لیے سوالیہ نشان ہے،جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سر اج الحق کا ہولاڑ ،سہنسہ،گلپور اور کوٹلی میں شاندار استقبال کیا گیا ہزاروں من پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں سہنسہ میں گڑ سواروں نے شاندار استقبال کیا،کوٹلی کی تاریخ میں پہلی بار رات کا پروگرام ہو اور قائد پاکستان کا تاریخی استقبال کیا گیا۔