متاثرین منگلا اپ ریزنگ پر ڈڈیال انتظامیہ کا تشدد قابل مذمت ہے‘اللہ دتہ خان

جمعرات 11 جون 2015 13:30

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) متاثرین منگلا اپ ریزنگ پر ڈڈیال انتظامیہ کا تشدد نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ریاستی نیتاؤں کے لیے باعث شرم فعل ہے۔ہم متاثرین ڈڈیال پر کیے گئے تشدد کے خلاف شدید احتجاج کریں گے۔ اگر تشدد کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی نہ کی گئی تو کھاڑک سے لے کر ڈڈیال تک ہم انتظامی مشینری جام کر دیں گے۔ کمشنر میرپور اور کمشنر امور منگلا ڈڈیال انتظامیہ کی اس اوچھی حرکت کا فی الفور نوٹس لیں اور متاثرین کے مسائل کے حل اور ان کے پرامن احتجاج پر تشدد کرنے والون کے خلاف محکمانہ کاروائی کریں ورنہ حالات کی خرابی کے لیے تیار ہو جائیں۔

نیو سٹی اور سمال ٹاؤنز میں جو واپڈا نے تعمیراتی اور ترقیاتی کام کیے ہیں وہ آزاد حکومت اور مقامی انتظامیہ سے ڈھکے چھپے نہیں اس تمام نااہلی اور غیر ذمہ داری کے باوجود متاثرین پر تشدد سمجھ سے بالا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر مقامی متاثرین ایکشن کمیٹی اللہ دتہ خان ، نذارت چوہدری،چوہدری اکرام ، چوہدری ابراہیم، خادم حسین، ساجد چوہدری، عمران شاہ ، چوہدری محبوب ، ارشد خان، چوہدری صدیق، چوہدری راشد ودیگر متاثرین نے ڈڈیال واقع کے خلاف ردعمل کے طور پر ہنگامی اجلاس میں کیا۔ شرکاء اجلاس نے آزادحکومت اور کمشنر میرپور ڈویژن سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا۔