نیویارک میں مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس کے چھاپے

جمعرات 11 جون 2015 14:20

واشنگٹن ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) امریکہ کی ریاست نیویارک میں پولیس نے گزشتہ ہفتے انتہائی سخت سکیورٹی والی جیل سے فرار ہونے والے دو قیدیوں کی تلاش کے لیے کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔انتہائی جدید ہتھیاروں سے لیس درجنوں پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں نے ولس بورو نامی قصبے کے نزدیک کئی فارم ہاوسز اور کھیتوں کی تلاشی لی۔

پولیس کو ایک شخص نے اطلاع دی تھی کہ اس نے 2روز قبل اس علاقے میں 2 مشکوک افراد کو دیکھاتھا جو گاڑی کی روشنیاں دیکھنے کے بعد جنگل میں غائب ہوگئے تھے۔پولیس حکام کے مطابق کینیڈا کی سرحد کے نزدیک واقعے قصبے ڈین مورا میں قائم جیل سے گزشتہ ہفتے فرار ہونے والے دونوں ملزمان تاحال پیدل اور مسلسل سفر میں ہیں۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ دونوں قیدی کلنٹن کریکشنل فیسیلٹی نامی جیل میں ایک دوسرے سے متصل کوٹھڑیوں میں قید تھے جو ہفتے کی شب فرار ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

قیدیوں کے نام ڈیوڈ سوئٹ اور رچرڈ میٹ ہیں۔جیل حکام کے مطابق دونوں قیدی مختلف آلات کے ذریعے اپنی کوٹھڑیوں کی دیواریں توڑ کر باہر آئے تھے اور جیل کے دو فٹ قطر کے سیوریج پائپ میں کئی سو فٹ تک گھسٹنے کے بعد ایک گٹر کے ذریعے جیل کے نزدیک واقع گلی میں نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں تفتیش کر رہے ہیں کہ دونوں قیدیوں کو جیل میں آلات کیسے پہنچے اور جیل کے محافظوں اور دیگر قیدیوں نے دیوار توڑنے آواز پر غور کیوں نہیں کیا ۔

جیل ریکارڈ کے مطابق ڈیوڈ سوئٹ 2002ء میں ایک سرکاری اہلکار کے قتل کے الزام میں عمر قید کاٹ رہا تھا جب کہ رچرڈ میٹ کو 1997ء میں ایک شخص کو لوٹنے اور اغوا کے بعد قتل کرنے کے الزامات میں 25 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔واضح رہے کہ ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کوامو نے دونوں قیدیوں کے فرار کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ دونوں مفرور مجرموں کو جیل سے فرار میں اندرونی یا بیرونی عناصر کی مدد حاصل تھی۔

متعلقہ عنوان :