کسان سہولت مرکز اور کسانوں کی رہنمائی کیلئے ٹال فری نمبر0800-54726 اور ویب سائٹ متعارف کروادی گئی

جمعرات 11 جون 2015 14:21

فیصل آباد ۔11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباداور محکمہ زراعت پنجاب کی مشترکہ کاوشوں سے نیشنل آئی سی ٹی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت کسان سہولت مرکز (ایف ایف سی)اور کسانوں کی رہنمائی کیلئے ٹال فری نمبر0800-54726سمیت ویب سائٹ kissandost.pk متعارف کروادی گئی ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر محمد رشید ماہر فرٹیلائزر و پراجیکٹ انچارج نے بتایا کہ اس ماڈل کے ذریعے ہمارے کاشتکار اپنے زرعی رقبوں کے زمینی و آبی تجزیئے کی روشنی میں موزوں ترین ٹیکنالوجی اور زمین کیلئے کھادوں کی ضروری مقدار کے تعین و استعمال سے اربوں روپے سالانہ کی بچت کو ممکن بناسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دنیا انٹر نیٹ اور میڈیا کی ترقی سے گلوبل ویلیج کی شکل اختیار کرچکی ہے اور الیکٹرونک وپرنٹ میڈیا، انٹرنیٹ اور انڈرائڈ موبائل ٹیکنالوجی کی بدولت معلومات تک رسائی انتہائی آسان ہوگئی ہے تاہم زرعی معلومات کے قابل اعتماد ذرائع کے حوالے سے یہ فرٹیلائزرماڈل ویب سائیٹ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے بہترین نتائج کی حامل ہوگی لہٰذ ا کاشتکار www.fertilizerruaf.pk پر مختلف فصلوں، سبزیوں اور پھلوں کے حوالہ سے تمام زرعی معلومات ،پیداواری ٹیکنالوجی اور موسمی پیشین گوئیوں بارے آگاہی حاصل کرسکتے ہیں۔