گیڈر بھبھکیاں شیروں پر اثر انداز نہی ہوتیں، کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،نیپرا ایک خود مختار اتھارٹی ہے، بجلی پر سبسڈی کو نیشنلائز کیا گیا ہے

پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 جون 2015 14:26

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری پر کسی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارت کو ملک میں 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی، نیپرا ایک خود مختار اتھارٹی ہے، بجلی پر سبسڈی کو نیشنلائز کیا گیا ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی معاشی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری سمیت 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی، بھارت خطہ میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کے لئے مختلف حربے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سبوتاژ کیا جائے۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ گیڈر بھبھکیاں شیروں پر اثر انداز نہی ہوتیں، اگر پاکستان کی خود مختاری پر کسی قسم کی کارروائی کی گئی، منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور دشمن کو شسکت ہو گی، پاکستان ایک نیوکلیئر ملک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی نا اہلی کی مثال نہیں ملتی، گدھا مرنے پر واپڈا کے 8 ملازمین پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس پر ہم نے سندھ حکومت سے سخت احتجاج کیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیپرا ایک خود مختار اتھارٹی ہے جس نے بجلی پر سبسڈی کو نیشنل لائز کیا گیا ہے تاکہ وزارت پر سالانہ 70 ارب روپے کے نقصان کو تقسیم کیا جا سکے۔