مودی کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو ان کے دل میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی عکاسی ہوتی ہے، بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا

وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 جون 2015 14:26

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ صوبہ خیرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہو چکی ہے، صوبہ میں ترقیاتی منصوبے شروع نہیں کئے جبکہ امن و امان کی صورتحال خراب ہے، بھارت کے وزیراعظم مودی کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو ان کے دل میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی عکاسی ہوتی ہے، پاکستان امن ملک ہے، بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ابتری کی طرف گامزن ہے، ہم بھارت سے زیادہ مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے عوام خوشحال زندگی بسر کریں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کے لئے صرف خیبرپختونخوا کے عوام کو بھیجا جائے تو بھارت کا ایسا حل کر دیں گے کہ وہ یاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو چائنہ کے ساتھ معاہدے ہضم نہیں ہو رہے، وہ پاکستان کو خوشحال ہوتے نہیں دیکھ سکتا، بھارت کے وزیراعظم مودی کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو ان کے دل میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی عکاسی ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبہ خیبرپختونخوا میں سہ فریقی اتحاد کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صوبہ میں دھاندلی کے خلاف عوام نکلے تھے، کسی جگہ پر بھی تجارتی مراکز کو زبردستی بند نہیں کرایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے، گزشتہ دو سالوں کے ودران صوبہ میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا بلکہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے رکھے گئے فنڈز بھی منصوبے شروع نہ کرنے کی وجہ سے لیپس ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں بلدیات انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک استعفیٰ دیدیں۔