جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی بولنے کی اجازت نہ ملنے پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئے

جمعرات 11 جون 2015 15:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی شیر اکبر خان نے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کر کے چلے گئے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ 2015-16ء پر بحث جاری تھی کہ جماعت اسلامی کے رکن شیر اکبر خان نے اپنی نشست سے کھڑے ہوکر نکتہ اعتراض پر بات کرنا چاہی تو سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ بجٹ اجلاس ہے اور آپ کی جماعت کیلئے جو وقت مختص کیا گیا تھا وہ پورا ہو چکا ہے، لہٰذا آپ کو بات کرنے کی اجازت نہیں مل سکتی۔

جس پر شیر اکبر خان نے کہا کہ میں ایک اہم معاملے پر بات کرنا چاہتا ہوں، ورنہ واک آؤٹ کر کے باہر چلا جاؤں گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں اعلان کر چکا ہوں کہ ایم این اے صاحبزادہ یعقوب علی خان بجٹ پر تقریر کریں گے آپ بیشک واک آؤٹ کرلیں آپ کو تقریر کی اجازت نہیں مل سکتی۔ اس پر ایم این اے شیر اکبر خان واک آؤٹ کر کے قومی اسمبلی کے اجلاس سے چلے گئے۔